رحیم یار خان
ڈسڑکٹ بیوروچیف
(آصف محمود)
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل) ملک فاروق احمد کی زیرِ صدارت ضلعی امن کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں عید میلاد النبی ؐ کی بارہ روزہ تقریبات اور نواسہ رسول حضرت امام حسینؓ کے چہلم کے موقع پر سکیورٹی، صفائی، ٹریفک مینجمنٹ، جلوسوں و مجالس کے انتظامات، امن و امان کی صورتحال اور بین المحکمہ جاتی رابطہ کاری کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں ایڈمنسٹریٹر آفیسر و سیکرٹری ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی ریاست علی، ممبران ضلعی امن کمیٹی، علماء کرام، متعلقہ محکموں کے افسران اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے نمائندگان نے شرکت کی۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل) ملک فاروق احمد نے کہا کہ عید میلاد النبی ؐ اور حضرت امام حسینؓ کے چہلم کے موقع پر ضلع بھر میں امن، بھائی چارے، مذہبی ہم آہنگی اور باہمی احترام کی فضا کو ہر صورت برقرار رکھا جائے گا۔ انہوں نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ عید میلاد النبیؐ کی بارہ روزہ تقریبات کے دوران تقریبات و محافل اور چہلم کے جلوس و مجالس کے روٹس کی بروقت صفائی، اسٹریٹ لائٹس کی فعالیت، سیوریج، پینے کے صاف پانی، طبی امداد، ریسکیو سروسز، فائر بریگیڈ، ٹریفک کی روانی اور دیگر تمام انتظامات کو پیشگی مکمل کیا جائے تاکہ شہریوں کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ، پولیس، ریسکیو 1122، بلدیاتی ادارے، ستھرا پنجاب، واسا، صحت، واپڈا اور دیگر متعلقہ محکمے باہمی رابطے کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں مؤثر انداز میں انجام دیں اور حساس مقامات پر خصوصی نگرانی کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے زور دیا کہ ضابطہ اخلاق پر مکمل عملدرآمد یقینی بنایا جائے اور تمام مکاتبِ فکر کے علماء کرام و امن کمیٹی کے اراکین باہمی تعاون، رواداری اور اتحاد و یگانگت کے فروغ کے لیے اپنا مؤثر کردار ادا کریں۔اجلاس کے دوران متعلقہ محکموں نے عید میلاد النبی ؐ کی بارہ روزہ تقریبات اور حضرت امام حسینؓ کے چہلم کے انتظامات کے حوالے سے اپنی تیاریوں پر بریفنگ دی، جبکہ امن کمیٹی کے اراکین نے مختلف تجاویز بھی پیش کیں۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل) نے تمام متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ طے شدہ انتظامات پر مکمل عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے تاکہ دونوں مذہبی مواقع پر ضلع بھر میں پرامن، منظم اور خوشگوار ماحول برقرار رہے۔
