ڈپٹی کمشنر ظہیر انور جپہ نے کہا ہے کہ نمبردار حکومت اور عوام کے درمیان ایک مؤثر رابطے کی حیثیت رکھتے ہیں

Spread the love

رحیم یار خان
( آصف محمود)
ڈپٹی کمشنر ظہیر انور جپہ نے کہا ہے کہ نمبردار حکومت اور عوام کے درمیان ایک مؤثر رابطے کی حیثیت رکھتے ہیں، لہٰذا وہ حکومتی پالیسیوں اور عوامی فلاحی منصوبوں کی کامیاب عملداری میں اپنا فعال اور ذمہ دارانہ کردار ادا کریں۔یہ بات انہوں نے جناح ہال میں تحصیل رحیم یار خان کے نمبرداران کے کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر عبدالحنان خان سمیت تحصیل بھر کے نمبرداران کی بڑی تعداد موجود تھی۔
ڈپٹی کمشنر ظہیر انور جپہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ نمبردار اپنے اپنے علاقوں میں حکومت اور ضلعی انتظامیہ کے نمائندے کی حیثیت رکھتے ہیں، اس لیے ان پر یہ اہم ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ حکومتی پالیسیوں، ترقیاتی منصوبوں اور عوامی فلاح کے اقدامات سے شہریوں کو بروقت آگاہ کریں اور عوام و انتظامیہ کے درمیان مؤثر رابطے کا کردار ادا کریں۔انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کی جانب سے گرین سرٹیفیکیٹ کے اجراء کی مہم جاری ہے، جس کے حوالے سے نمبرداران عوام میں آگاہی پیدا کریں تاکہ زیادہ سے زیادہ شہری اس سہولت سے مستفید ہو سکیں۔ انہوں نے زور دیا کہ سرکاری اراضی کے تحفظ کو یقینی بنانے میں بھی نمبرداران انتظامیہ کے ساتھ مکمل تعاون کریں اور سرکاری زمینوں پر کسی بھی قسم کے غیر قانونی قبضے یا تجاوزات کی فوری اطلاع متعلقہ حکام کو دیں۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے عوام دوست پروگرام ”سانجھی سبزی” کو کامیاب بنانے میں بھی نمبرداران بھرپور کردار ادا کریں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ حکومت کی جانب سے فراہم کردہ اراضی میں سے ایک ایکڑ زمین اس منصوبے کے لیے مختص کی جائے تاکہ مقامی آبادی کو تازہ اور مفت سبزیوں کی فراہمی ممکن بنائی جا سکے، جس سے غذائی تحفظ اور عوامی فلاح کے اہداف حاصل ہوں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ نمبرداران سرکاری واجبات کی بروقت وصولی میں متعلقہ محکموں کے ساتھ تعاون کریں اور حکومت کی آمدن میں اضافے کے لیے اپنا مؤثر کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ ممکنہ سیلابی صورتحال کے پیش نظر نمبرداران اپنی اپنی یونین کونسلوں اور دیہات میں عوام کو پیشگی احتیاطی تدابیر سے آگاہ کریں اور اگر کسی ہنگامی صورتحال میں انخلا کی ضرورت پیش آئے تو ضلعی انتظامیہ، ریسکیو اداروں اور دیگر متعلقہ محکموں کے ساتھ مکمل تعاون کرتے ہوئے محفوظ انخلا کو یقینی بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔
اسسٹنٹ کمشنر عبدالحنان خان نے بھی خطاب کرتے ہوئے نمبرداران کے کردار کو سراہا اور انہیں حکومتی اقدامات پر مؤثر عملدرآمد، عوامی مسائل کے بروقت حل اور انتظامیہ کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہنے کی ضرورت پر زور دیا۔کنونشن کے اختتام پر نمبرداران نے اپنے علاقوں سے متعلق مسائل، تجاویز اور مختلف انتظامی امور سے ڈپٹی کمشنر اور اسسٹنٹ کمشنر کو آگاہ کیا۔ ڈپٹی کمشنر ظہیر انور جپہ نے ان کے مسائل اور تجاویز کو غور سے سنتے ہوئے متعلقہ افسران کو ضروری کارروائی کی ہدایات جاری کیں اور یقین دلایا کہ عوامی مفاد اور بہتر طرزِ حکمرانی کے لیے نمبرداران کے ساتھ باقاعدہ رابطہ اور مشاورت کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں