رحیم یار خان
(آصف محمود)
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریونیو) لاریب اسلم کی زیرِ صدارت ضلع بھر کے ریونیو امور کا جائزہ لینے کے لیے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنرز، متعلقہ ریونیو افسران اور دیگر متعلقہ محکموں کے نمائندگان نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران حکومت پنجاب کی ترجیحی ریونیو اصلاحات، گرین سرٹیفیکیٹ کے اجراء، پلس پراجیکٹ پر پیش رفت، سرکاری واجبات کی وصولی، سرکاری اراضی کے تحفظ، ریونیو کورٹس میں زیرِ سماعت مقدمات اور دیگر انتظامی و ریونیو امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریونیو) لاریب اسلم نے ہدایت کی کہ گرین سرٹیفیکیٹ کے اجراء کے عمل کو مزید تیز اور شفاف بنایا جائے تاکہ مقررہ اہداف بروقت مکمل کیے جا سکیں۔ انہوں نے پلس پراجیکٹ کے تحت جاری سرگرمیوں کا جائزہ لیتے ہوئے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ تمام مراحل کو مقررہ ٹائم لائن کے مطابق مکمل کیا جائے اور ریکارڈ کی درستگی و ڈیجیٹلائزیشن کو یقینی بنایا جائے۔انہوں نے سرکاری واجبات کی وصولی کے حوالے سے محکمانہ کارکردگی کا جائزہ لیتے ہوئے متعلقہ افسران کو مقررہ ریکوری اہداف ہر صورت حاصل کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ حکومتی محصولات کی بروقت وصولی ریاستی امور کی بہتری کے لیے انتہائی اہم ہے، اس لیے اس ضمن میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔اجلاس میں سرکاری اراضی پر قبضوں کی روک تھام اور قیمتی سرکاری زمینوں کے تحفظ سے متعلق اقدامات کا بھی جائزہ لیا گیا۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریونیو) نے ہدایت کی کہ سرکاری اراضی کا مکمل ریکارڈ اپ ڈیٹ رکھا جائے، ناجائز قبضوں کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے اور حکومتی املاک کا ہر صورت تحفظ یقینی بنایا جائے۔ریونیو کورٹس میں زیرِ سماعت مقدمات کے حوالے سے انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ مقدمات کو قانون کے مطابق مقررہ مدت میں میرٹ پر نمٹایا جائے تاکہ شہریوں کو بروقت انصاف کی فراہمی ممکن ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی مسائل کے حل، شفاف طرزِ حکمرانی اور بہترین ریونیو انتظامیہ کے لیے تمام افسران اپنی ذمہ داریاں پوری دیانتداری، محنت اور پیشہ ورانہ انداز میں انجام دیں۔
