رحیم یار خان
(میاں طالب حسین)
ڈپٹی کمشنر ظہیر انور جپہ نے شیخ زید میڈیکل کالج و ہسپتال کی ایمرجنسی کا اچانک دورہ کیا اور ایمرجنسی میں مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات، ڈاکٹرز و پیرامیڈیکل سٹاف کی حاضری، ادویات کی دستیابی، صفائی ستھرائی، سکیورٹی اور مجموعی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔اس موقع پر میڈیکل سپرنٹنڈنٹ، متعلقہ ڈاکٹرز اور انتظامی افسران بھی موجود تھے جنہوں نے ہسپتال میں مریضوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات اور انتظامی امور پر ڈپٹی کمشنر کو بریفنگ دی۔انہوں نے ایمرجنسی کے مختلف شعبہ جات، ٹراما روم، وارڈز، ادویات کے سٹور اور انتظار گاہوں کا معائنہ کیا۔ انہوں نے زیر علاج مریضوں اور ان کے لواحقین سے ملاقات کی، ان کی خیریت دریافت کی اور فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کے بارے میں دریافت کیا۔ مریضوں کی آراء سننے کے بعد انہوں نے موقع پر موجود افسران کو ہدایت کی کہ علاج معالجے کے معیار کو مزید بہتر بنایا جائے اور ہر آنے والے مریض کو بروقت، باوقار اور معیاری طبی سہولیات کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے۔
ڈپٹی کمشنر ظہیر انور جپہ نے ہدایت کی کہ ایمرجنسی میں ڈاکٹرز، نرسنگ اور پیرامیڈیکل سٹاف اپنی ذمہ داریاں پوری دیانت داری، احساسِ ذمہ داری اور پیشہ ورانہ انداز میں انجام دیں۔ انہوں نے کہا کہ مریضوں سے خوش اخلاقی سے پیش آنا، بروقت طبی امداد فراہم کرنا اور ایمرجنسی میں ادویات و ضروری طبی سامان کی بلا تعطل دستیابی انتظامیہ کی اولین ذمہ داری ہے۔انہوں نے صفائی ستھرائی کے انتظامات کا بھی جائزہ لیا اور متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ ہسپتال کے تمام شعبوں میں صفائی کے اعلیٰ معیار کو برقرار رکھا جائے تاکہ مریضوں اور تیمارداروں کو صاف ستھرا اور صحت مند ماحول میسر آ سکے۔ انہوں نے مزید ہدایت کی کہ ایمرجنسی میں کسی بھی مریض کو غیر ضروری انتظار کا سامنا نہ کرنا پڑے اور شکایات کی فوری داد رسی کو یقینی بنایا جائے۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ حکومت پنجاب اور وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق سرکاری ہسپتالوں میں عوام کو معیاری، بروقت اور بہترین طبی سہولیات کی فراہمی اولین ترجیح ہے۔ ضلعی انتظامیہ صحت کے اداروں کی کارکردگی کی مسلسل نگرانی کر رہی ہے اور عوام کو علاج معالجے کی بہتر سہولیات فراہم کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رہیں گے۔انہوں نے ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی کہ مریضوں کی شکایات کے فوری ازالے، ادویات کی مسلسل دستیابی، طبی آلات کی فعالیت اور عملے کی حاضری کو ہر صورت یقینی بنایا جائے تاکہ عوام کو بہترین طبی سہولیات میسر آ سکیں۔
