رحیم یارخان
(آصف محمود)
ضلع بھر میں چہلم نواسہ رسولﷺحضرت امام حسینؓ کے سلسلہ میں 15 جلوس اور 15 مجالس کے لیے پولیس کے سخت سکیورٹی انتظامات، ضلعی پولیس، ایلیٹ فورس، ٹریفک پولیس، سپیشل برانچ و دیگر پولیس ونگز تعینات کر دئیے گئے۔ ڈی پی او عرفان علی سموں کی ہدایات و احکامات کی روشنی میں آج ضلع بھر میں چہلم حضرت امام حسینؓ کے سلسلہ میں منعقد ہونے والے 15 جلوس اور 15 ہی مجالس کی سکیورٹی کے لیے پولیس کی جانب سے فول پروف انتظامات عمل میں لائے گئے ہیں، جلوس و مجالس کی حفاظت کے لیے ضلعی پولیس، ایلیٹ فورس کے دستوں کے ساتھ ساتھ ٹریفک پولیس، سپیشل برانچ و دیگر پولیس ونگز کے اہلکار بھی فرائض سر انجام دیں گے، اس موقع پر تھری لیئر سکیورٹی حصار کے ساتھ، سی سی ٹی وی اور سیف سٹی کیمروں سے مانیٹرنگ کی جائے گی، واک تھرو گیٹس، میٹل ڈیٹیکٹرز، نظری و دیگر رکاوٹوں اور آڑوں کی سے سکیورٹی میں مدد لی جائے گی، سرکل پولیس افسران و ایس ایچ اوز اپنی ٹیمز کے ہمراہ جلوس و مجالس کے مقامات پر موجود رہتے ہوئے سکیورٹی کو فول پروف رکھیں گے، اس موقع پر ضلع کے داخلی اور خارجی راستوں کی ناکہ بندی اور سخت چیکنگ کا سلسلہ بھی جاری رہے گا۔
