رحیم یار خان
(آصف محمود)
ڈپٹی کمشنر ظہیر انور جپہ نے کہا ہے کہ ریسکیو 1122 انسانی جانوں کے تحفظ اور بروقت امدادی خدمات کی فراہمی کے حوالے سے ایک انتہائی اہم اور قابلِ اعتماد ادارہ ہے، جس کی خدمات قابلِ تحسین ہیں۔ حکومت پنجاب وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی قیادت میں ریسکیو 1122 کی استعداد کار میں مسلسل اضافہ کر رہی ہے اور اسے جدید مشینری، آلات اور ضروری سہولیات سے آراستہ کیا جا رہا ہے تاکہ شہریوں کو کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری اور مؤثر امداد فراہم کی جا سکے۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار ریسکیو 1122 آفس میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، جہاں فاطمہ فرٹیلائزرز کمپنی کی جانب سے کارپوریٹ سماجی ذمہ داری کے تحت ریسکیو 1122 کو مختلف جدید ریسکیو آلات فراہم کیے گئے۔
ڈپٹی کمشنر ظہیر انور جپہ نے فاطمہ فرٹیلائزرز کمپنی کی جانب سے امدادی ادارے کی معاونت کو سراہتے ہوئے کہا کہ نجی شعبے کا عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں میں تعاون خوش آئند ہے۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری اداروں اور نجی شعبے کے باہمی اشتراک سے عوام کو بہتر اور معیاری خدمات کی فراہمی ممکن بنائی جا سکتی ہے۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ فاطمہ فرٹیلائزرز کمپنی آئندہ بھی سماجی ذمہ داری کے تحت ایسے فلاحی اقدامات میں اپنا کردار جاری رکھے گی۔انہوں نے کہا کہ جدید آلات کی فراہمی سے ریسکیو 1122 کی آپریشنل استعداد میں مزید بہتری آئے گی اور امدادی کارروائیوں میں رفتار بڑھے گی، جس کا براہ راست فائدہ عوام کو پہنچے گا۔
ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ریسکیو 1122 ڈاکٹر عادل رحمٰن نے خطاب کرتے ہوئے ریسکیو 1122 کی خدمات، ہنگامی حالات میں بروقت رسپانس اور جدید آلات کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے فاطمہ فرٹیلائزرز کمپنی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ جدید آلات کی فراہمی سے امدادی سرگرمیوں کو مزید مؤثر بنانے میں مدد ملے گی۔
فاطمہ فرٹیلائزرز کمپنی کے نمائندگان برگیڈئیر عبید انور، محمد ہاشم، علی حیدر مودودی، لیفٹیننٹ کرنل (ر) محمد ناصر اور حمزہ حمید نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کمپنی معاشرتی ذمہ داری کے تحت عوامی فلاح کے منصوبوں میں اپنا کردار ادا کرتی رہے گی اور ہنگامی امدادی خدمات فراہم کرنے والے اداروں کی معاونت کو اپنی ترجیحات میں شامل رکھے گی۔
