رحیم یار خان
(میاں طالب حسین،
ڈویژنل بیوروچیف)
ڈی ایس پی صدر سرکل ناصر غوری نے اپنے عہدے کا باقاعدہ چارج سنبھال لیا۔ چارج سنبھالنے کے بعد انہوں نے پولیس افسران و اہلکاروں کو ہدایت کی کہ عوام کے ساتھ خوش اخلاقی، شائستگی اور ذمہ دارانہ رویے کو یقینی بنایا جائے اور شہریوں کے مسائل کے فوری ازالے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں۔
اس موقع پر ڈی ایس پی ناصر غوری نے کہا کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ، جرائم کا خاتمہ، امن و امان کا قیام اور پولیس سروسز میں مزید بہتری ان کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں۔ پولیس اور عوام کے درمیان اعتماد کے رشتے کو مزید مضبوط بنایا جائے گا اور شہریوں کو بروقت انصاف اور بہتر پولیس سروسز کی فراہمی کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے گی، جبکہ تھانوں میں آنے والے شہریوں کے ساتھ عزت و احترام سے پیش آنا اور ان کی شکایات کو ترجیحی بنیادوں پر سننا پولیس افسران و اہلکاروں کی ذمہ داری ہے۔
ڈی ایس پی ناصر غوری نے مزید کہا کہ علاقے میں امن و امان برقرار رکھنے اور جرائم کی روک تھام کے لیے پولیس گشت اور نگرانی کے نظام کو مزید مؤثر بنایا جائے گا۔ انہوں نے پولیس افسران و اہلکاروں پر زور دیا کہ وہ اپنی ڈیوٹی ایمانداری، فرض شناسی اور جذبۂ خدمت کے ساتھ انجام دیں تاکہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ ہر صورت یقینی بنایا جا سکے۔
