رحیم یارخان
(میاں طالب حسین)
تھانہ اقبال آباد پولیس کی کاوش جھگڑا نہیں صلح بھائی بہن کے درمیاں اراضی کا درینہ تنازعہ باہمی رضا مندی سے حل، بھائی نے بہن کو گلے لگا لیا بہن نے بھی رضامندی ظاہر کرتے ہوئے صلح کر لی۔ ایس ایچ او انسپکٹر جام محمد اعجاز اور ٹیم کی ڈی ایس پی صدر ناصر غوری کی نگرانی میں شہریوں کے تنازعات کو خوش اسلوبی سے حل کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔ تفصیل کے مطابق تاج گڑھ کی رہائشی ناصراں بی بی کا اپنے حقیقی بھائی علی محمد کے ساتھ وراثتی زرعی اراضی کا تنازعہ چلا آرہا تھا جس کی بابت متعدد مقدمات تھانہ اقبال آباد میں درج ہوئے مگر تنازعہ ختم ہونے کا نام نہ لے رہا تھا اے ایس آئی ساجد اقبال نے دونوں بہن بھائیوں کو آمنے سامنے بیٹھایا اور انسانی ہمدردی کے تحت حقائق کو تسلیم کرنے کے کھلے دل کا مظاہرہ کرنے کے لیے دینی، اخلاقی اور قانونی حوالوں سے سمجھایا جس پر علی محمد نے بہن کا حق تسلیم کرتے ہوئے اسے گلے لگا لیا اور اراضی کے متعلق قوائد و ضوابط کی پابندی کرنے کا عہد کیا جس پر ناصراں بی بی نے آبدیدہ ہوتے ہوئے بھائی سے صلح کر لی اور اراضی تنازعہ کو باہمی رضا مندی سے حل کروانے پر اقبال آباد پولیس ٹیم کا شکریہ ادا کیا۔
