رحیم یار خان
ڈویژنل بیوروچیف
(میاں طالب حسین )
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو لاریب اسلم کی زیرِ صدارت ریونیو افسران کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں اسسٹنٹ کمشنرز، ریونیو افسران، انچارج اراضی ریکارڈ سنٹرز اور متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں ضلع بھر میں ریونیو امور، ریکوری اہداف، پلس پراجیکٹ، گرین سرٹیفیکیٹ، ’’اپنا کھیت اپنا روزگار‘‘ اسکیم سمیت بورڈ آف ریونیو کے مختلف کارکردگی انڈیکیٹرز پر عملدرآمد کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو لاریب اسلم نے ریونیو ریکوری کی مجموعی صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے متعلقہ افسران کو مقررہ اہداف کے حصول کے لیے مؤثر اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری واجبات کی وصولی میں کسی قسم کی غفلت یا سستی برداشت نہیں کی جائے گی اور تمام متعلقہ افسران مقررہ اہداف کے مطابق ریکوری کے عمل کو تیز کریں۔انہوں نے پلس پراجیکٹ اور دیگر ریونیو امور پر پیش رفت کا جائزہ لیتے ہوئے ہدایت کی کہ ریکارڈ کی بروقت تکمیل، درستگی اور ڈیجیٹلائزیشن کے عمل کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے۔ اراضی ریکارڈ سنٹرز پر آنے والے شہریوں کو سہولیات کی فراہمی اور ان کے مسائل کے فوری ازالے کو بھی یقینی بنایا جائے۔
اجلاس میں گرین سرٹیفیکیٹ کے اجراء اور متعلقہ اہداف پر بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو نے ہدایت کی کہ اس ضمن میں مقررہ ایس او پیز کے مطابق کارروائی کو یقینی بناتے ہوئے زیرِ التواء کیسز کو بروقت نمٹایا جائے۔’’اپنا کھیت اپنا روزگار‘‘ اسکیم پر پیش رفت کا جائزہ لیتے ہوئے انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ اسکیم کے تحت جاری کردہ احکامات اور دیگر امور میں شفافیت، میرٹ اور مقررہ قواعد و ضوابط پر مکمل عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔ مستحق افراد کو حکومتی اقدامات کے ثمرات بروقت پہنچانے کے لیے تمام متعلقہ مراحل کو مقررہ مدت میں مکمل کیا جائے۔
لاریب اسلم نے بورڈ آف ریونیو کے کارکردگی انڈیکیٹرز کا جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ تمام اسسٹنٹ کمشنرز اور ریونیو افسران اپنے متعلقہ اہداف پر خصوصی توجہ دیں اور کارکردگی میں مزید بہتری لائیں۔ انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ ریونیو کیسز، ریکارڈ کی درستگی، ریکوری، عوامی سہولیات اور دیگر امور میں مقررہ ٹائم لائنز کی پابندی کی جائے۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو نے مزید کہا کہ ریونیو ڈیپارٹمنٹ عوام کو براہ راست خدمات فراہم کرنے والا اہم شعبہ ہے، اس لیے شہریوں کو ریلیف کی فراہمی، شفافیت اور میرٹ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے افسران کو فیلڈ میں اپنی نگرانی مؤثر بنانے اور روزمرہ امور کی مسلسل مانیٹرنگ کی بھی ہدایت کی۔
اجلاس کے اختتام پر مختلف ریونیو اہداف کے حصول، زیرِ التواء امور کو جلد نمٹانے اور بورڈ آف ریونیو کے کارکردگی انڈیکیٹرز پر مؤثر اور بروقت عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے افسران کو ضروری ہدایات جاری کی گئیں۔
