رحیم یار خان
میاں طالب حسین (ڈویژنل بیورو چیف)
خواجہ فرید یونیورسٹی رحیم یار خان میں طالبات اور خواتین اسٹاف کے لیے پہلی پنک کوسٹر کی فراہمی کو خواتین کے لیے سفری سہولیات، تحفظ اور باوقار آمدورفت کی جانب ایک اہم اور قابلِ تحسین اقدام قرار دیا گیا ہے۔
اس پنک کوسٹر کی فراہمی رکن پنجاب اسمبلی محترمہ بیگم عشرت اشرف کی خصوصی دلچسپی، مسلسل جدوجہد اور مؤثر پیروی کے نتیجے میں ممکن ہوئی۔ اس موقع پر بیگم عشرت اشرف کو اس شاندار کامیابی پر خصوصی خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔
شہری و تعلیمی حلقوں کا کہنا ہے کہ بیگم عشرت اشرف نے ہمیشہ خواتین اور طالبات کے مسائل کو ترجیح دی اور ان کے حل کے لیے ہر سطح پر مؤثر آواز اٹھائی۔ خواجہ فرید یونیورسٹی میں پنک کوسٹر کی فراہمی بھی انہی کی خواتین دوست سوچ اور مسلسل کاوشوں کا عملی ثمر ہے، جس سے یونیورسٹی میں زیرِ تعلیم طالبات اور خواتین اسٹاف کو سفری سہولت میسر آئے گی۔
اس اقدام پر وزیرِ اعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف اور صوبائی وزیرِ تعلیم رانا سکندر حیات کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا گیا، جن کی قیادت میں پنجاب میں خواتین اور طالبات کے لیے بہتر سفری اور تعلیمی سہولیات کی فراہمی پر توجہ دی جا رہی ہے۔
عوامی و سماجی حلقوں نے کہا کہ بیگم عشرت اشرف اور جعفرآباد فیملی کی عوامی خدمت، تعلیم دوستی اور خواتین کی فلاح و بہبود کے لیے کاوشیں قابلِ تحسین ہیں۔ پنک کوسٹر کی فراہمی بیگم عشرت اشرف کی ان مسلسل کوششوں کی ایک اہم کامیابی ہے، جو براہِ راست ہماری بیٹیوں کے لیے سہولت اور تحفظ کا باعث بنے گی۔
