پمز کے ریٹائرڈ ملازمین کے لیے پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم کا بڑا فلاحی اعلان، ایسوسی ایشن کو اپنی طرف ایمبولینس دینے کا اعلان

Spread the love


اسلام آباد: پمز ریٹائرڈ ایمپلائز ویلفیئر ایسوسی ایشن کی تقریب میں مہمانِ خصوصی پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم، سابق وزیرِ صحت پنجاب، سابق وائس چانسلر شہید ذوالفقار علی بھٹو میڈیکل یونیورسٹی اسلام آباد اور سابق ایگزیکٹو ڈائریکٹر پمز نے ریٹائرڈ ملازمین کی فلاح و بہبود کے لیے ایسوسی ایشن کو اپنی جانب سے ایک ایمبولینس بطور تحفہ دینے کا اعلان کیا۔
یہ اعلان ایسوسی ایشن کے سرپرستِ اعلیٰ ڈاکٹر منصور احمد کی جانب سے ریٹائرڈ ملازمین کے لیے ایمبولینس کی فوری ضرورت اور اس سلسلے میں انتظامیہ و مخیر حضرات سے تعاون کی اپیل کے بعد کیا گیا۔
پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم نے اپنے خطاب میں کہا کہ پمز کے ملازمین نے اپنی پیشہ ورانہ زندگی کا ایک بڑا حصہ دکھی انسانیت کی خدمت میں گزارا ہے۔ ڈاکٹرز، نرسز، پیرا میڈیکل اسٹاف، انتظامی عملے اور دیگر ملازمین کی خدمات کو فراموش نہیں کیا جا سکتا۔
انہوں نے کہا کہ انہیں زندگی میں جو عزت اور مقام حاصل ہوا، اس میں توفیقِ الٰہی کے ساتھ میڈیکل پروفیشن سے وابستہ ساتھیوں کے تعاون اور محبت کا بنیادی کردار ہے۔
انہوں نے کہا کہ ریٹائرمنٹ کے بعد بھی پمز کے سابق ملازمین ادارے اور معاشرے کا قیمتی اثاثہ ہیں، ان کی فلاح و بہبود کے لیے قائم کی جانے والی نئی ایسوسی ایشن ایک مثبت اور قابلِ تحسین قدم ہے۔
پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم نے ایسوسی ایشن کے ساتھ ہر ممکن تعاون کا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ وہ ہر چھ ماہ بعد اسلام آباد آ کر ایسوسی ایشن کے معاملات اور فلاحی سرگرمیوں کا جائزہ لیں گے اور اس کے لیے اپنی استطاعت کے مطابق تعاون جاری رکھیں گے۔
انہوں نے ریٹائرڈ ملازمین کے لیے طبی سہولیات، فلاحی منصوبوں اور دیگر ضروری اقدامات کی ضرورت پر بھی زور دیا اور کہا کہ ان بزرگ ساتھیوں نے پمز کی تعمیر، ترقی اور مریضوں کی خدمت میں اپنا بھرپور کردار ادا کیا ہے، اس لیے ان کی دیکھ بھال ہم سب کی ذمہ داری ہے۔
ایسوسی ایشن کے صدر جناب ڈاکٹر اشوک اور جنرل سیکرٹری جناب ڈاکٹر حنیف نے اس موقع پر کہا کہ تنظیم کا بنیادی مقصد ریٹائرڈ ملازمین کو درپیش مسائل کے حل کے ساتھ ساتھ ان کے لیے فلاحی اور طبی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے۔ ایمبولینس کی فراہمی اسی سلسلے کی ایک اہم ضرورت تھی۔
تقریب کے شرکاء نے پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم کے اعلان کو سراہتے ہوئے اسے ریٹائرڈ ملازمین کے لیے ایک قابلِ قدر تحفہ اور ایسوسی ایشن کی فلاحی سرگرمیوں کے آغاز کے لیے اہم پیش رفت قرار دیا۔
تقریب میں پمز کے ریٹائرڈ و حاضر سروس ملازمین، ڈاکٹرز، پروفیسرز، نرسنگ و پیرا میڈیکل اسٹاف اور دیگر معزز شخصیات نے شرکت کی۔اس خوبصورت تقریب میں پمز ریٹائرڈ ایمپلائز ویلفیئر ایسوسی ایشن کے پریس سیکرٹری ملک تنویر نوشاھی نے نہایت عمدہ کمپیئر کے فرائض سر انجام دے،vcشہید ذوالفقار علی بھٹو میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر تنویر خالق،ضیاء الرحمن لودھی،مرزا محمد اکمل،حافظ محمد بلال تنویر،وقار حسین اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں