رحیم یار خان
(میاں طالب حسین)
ڈپٹی کمشنر ظہیر انور جپہ نے شیخ زید ہسپتال کے چلڈرن وارڈ کا دورہ کیا اور وہاں مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات سمیت فائر فائٹنگ آلات، سکیورٹی انتظامات، داخلی و خارجی راستوں، برقی نظام اور دیگر حفاظتی امور کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر ایم ایس شیخ زید ہسپتال اور متعلقہ افسران بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔ڈپٹی کمشنر نے مختلف شعبہ جات کا معائنہ کرتے ہوئے فائر فائٹنگ آلات کی دستیابی و فعالیت، ایمرجنسی صورت حال میں رسپانس، برقی نظام، مین الیکٹرک پینلز، وارڈز کے داخلی و خارجی راستوں اور سکیورٹی انتظامات کے بارے میں متعلقہ حکام سے تفصیلی بریفنگ لی۔ انہوں نے ہسپتال میں مریضوں، لواحقین اور طبی عملے کے تحفظ کے لیے تمام حفاظتی اقدامات کو مؤثر اور ہمہ وقت فعال رکھنے پر زور دیا۔
ڈپٹی کمشنر ظہیر انور جپہ نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے واضح احکامات ہیں کہ صوبہ بھر کے ہسپتالوں میں مریضوں اور طبی عملے کی حفاظت کے لیے فائر سیفٹی اور سکیورٹی کے تمام انتظامات حکومت پنجاب کی وضع کردہ گائیڈ لائنز کے مطابق یقینی بنائے جائیں۔ فائر فائٹنگ آلات اہم اور حساس مقامات پر نصب ہونے چاہئیں اور ان کی باقاعدگی سے مانیٹرنگ کے ساتھ ہمہ وقت فعالیت بھی یقینی بنائی جائے۔انہوں نے ہدایت کی کہ ہسپتالوں میں فائر سیفٹی ٹریننگ کے ماہر عملہ کی تعیناتی، برقی آلات کی درستگی اور مسلسل مانیٹرنگ، مین الیکٹرک پینلز کو وارڈز سے مناسب فاصلے پر رکھنے، برقی و فائر فائٹنگ آلات کی باقاعدہ جانچ اور ایمرجنسی کی صورت میں فوری رسپانس کے لیے مؤثر انتظامات یقینی بنائے جائیں۔
ڈپٹی کمشنر نے مزید ہدایت کی کہ تمام داخلی و خارجی راستے ہر وقت کلیئر رکھے جائیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورت حال میں مریضوں، لواحقین اور امدادی ٹیموں کی نقل و حرکت میں رکاوٹ پیدا نہ ہو۔ اسی طرح عوامی آگہی کے لیے مناسب رہنمائی و حفاظتی نشانات نمایاں مقامات پر نصب کیے جائیں تاکہ ہسپتال آنے والے افراد ایمرجنسی ایگزٹ، فائر فائٹنگ آلات اور دیگر ضروری مقامات سے بروقت آگاہ رہیں۔انہوں نے واضح کیا کہ ہسپتالوں میں حفاظتی انتظامات کے حوالے سے کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی کی گنجائش نہیں۔ تمام متعلقہ افسران اور ہسپتال انتظامیہ اپنی ذمہ داریاں پوری کرتے ہوئے حفاظتی اقدامات کو عملی طور پر یقینی بنائیں۔انہوں نے ایم ایس شیخ زید ہسپتال کو ہدایت کی کہ تمام حفاظتی امور کا ازسرنو جائزہ لے کر مطلوبہ اقدامات فوری مکمل کیے جائیں اور مکمل حفاظتی انتظامات کے حوالے سے سرٹیفکیٹ ضلعی انتظامیہ کو جمع کروایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ضلع رحیم یار خان کے تمام سرکاری و نجی ہسپتالوں میں حکومت پنجاب کی جانب سے جاری کردہ فائر سیفٹی، برقی حفاظت، سکیورٹی اور دیگر حفاظتی گائیڈ لائنز پر من و عن عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا، جبکہ متعلقہ اداروں کی جانب سے حفاظتی انتظامات کی باقاعدہ مانیٹرنگ بھی جاری رکھی جائے گی۔
