ڈپٹی کمشنر ظہیر انور جپہ نے عید میلادالنبی ؐ کے سلسلہ میں منعقدہ مرکزی جلوس میں شرکت کی

Spread the love

رحیم یار خان
(میاں طالب حسین)
ڈپٹی کمشنر ظہیر انور جپہ نے عید میلادالنبی ؐ کے سلسلہ میں منعقدہ مرکزی جلوس میں شرکت کی۔ اس موقع پر انہوں نے میلاد کمیٹی کے ممبران، منتظمین اور شہریوں سے ملاقات کی اور انہیں نبی کریم حضرت محمد مصطفیٰ ؐ کی ولادت باسعادت کی دلی مبارک باد پیش کی۔
ڈپٹی کمشنر ظہیر انور جپہ نے کہا کہ عید میلادالنبی ؐ ہمارے لیے انتہائی عقیدت و محبت کا موقع ہے۔ نبی پاک حضرت محمد ؐ کی سیرت طیبہ پوری انسانیت کے لیے امن، محبت، بھائی چارے، رواداری اور خدمتِ خلق کا عملی نمونہ ہے۔ ہمیں چاہیے کہ اس بابرکت موقع پر حضور اکرم ؐ کی تعلیمات کو اپنی زندگیوں میں اپناتے ہوئے معاشرے میں اخوت، برداشت اور باہمی احترام کو فروغ دیں۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر ضلع انتظامیہ کی جانب سے عید میلادالنبی ؐ کے جلوسوں اور محافل کے لیے سکیورٹی، صفائی، ٹریفک مینجمنٹ، روشنی اور دیگر ضروری انتظامات کو یقینی بنایا گیا ہے تاکہ عاشقانِ رسول ؐ کو مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ اپنی خوشیاں منانے کے لیے بہترین ماحول فراہم کیا جا سکے۔
ڈپٹی کمشنر نے مرکزی جلوس کے منتظمین، ممبران امن اور میلاد کمیٹی کے ممبران کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ضلعی انتظامیہ مذہبی تہواروں کے موقع پر تمام مکاتبِ فکر کے درمیان باہمی ہم آہنگی، امن و امان اور بھائی چارے کے فروغ کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کر رہی ہے۔اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل) ملک فاروق احمد، اسسٹنٹ کمشنر عبدالحنان خان، ایڈمنسٹریٹر آفیسر ریاست علی سمیت دیگر افسران، میلاد کمیٹی کے ممبران اور شہری بھی موجود تھے۔
عید میلادالنبی ؐ کے مرکزی جلوس میں شرکاء نے نبی کریم ؐ سے اپنی والہانہ محبت و عقیدت کا اظہار کرتے ہوئے درود و سلام پیش کیا اور ملکی سلامتی، استحکام، امن و خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں بھی کیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں