

گجرات کے میڈیا کا تعاون مثالی ہے، جہاں بھی جاؤں گا گجراتیوں کی وکالت کروں گا، صحافت اور پولیس کے درمیان فاصلے کم کرنا ہوں گے ، ڈی پی او گجرات
جلالپورجٹاں ( رپورٹ مرزا طارق محمود ) ڈی پی او کمپلیکس گجرات میں ڈی پی او گجرات فیصل شہزاد کی پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (PFUJ) کے عہدیداران و اراکین کے ساتھ خصوصی تعارفی ملاقات ہوئی، جس میں پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا سے وابستہ صحافیوں نے بھرپور شرکت کی وفد کی قیادت PFUJ کے ضلعی صدر شاہد اختر چوہدری نے کی، جبکہ جنرل سیکرٹری ڈاکٹر عرفان مغل، فاروق ممتاز سمیت دیگر عہدیداران اور ایف سی سی ممبران بھی موجود تھے ملاقات کے دوران صحافیوں کا ڈی پی او فیصل شہزاد سے فرداً فرداً تعارف کرایا گیا، جبکہ شرکاء نے انہیں گجرات میں ذمہ داریاں سنبھالنے پر خوش آمدید کہا اس موقع پر ڈی پی او فیصل شہزاد نے انتہائی خوشگوار اور دوستانہ ماحول میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گجرات کے عوام نے جس محبت اور خلوص کے ساتھ ان کا خیرمقدم کیا، اسے فراموش نہیں کیا جا سکتا، گجرات کے میڈیا کا تعاون بھی مثالی ہے اور وہ جہاں بھی جائیں گے گجراتیوں کی وکالت کرتے رہیں گے ڈی پی او فیصل شہزاد نے واضح کیا کہ پولیس کی بنیادی ذمہ داری شہریوں کو انصاف، تحفظ اور عزت فراہم کرنا ہے، اس لیے میرٹ اور انصاف کی بالادستی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا ضلع گجرات سے اسلحہ کلچر اور قبضہ مافیا کے خاتمے کو اپنی اولین ترجیحات میں شامل قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ قانون کی خلاف ورزی کرنے والا خواہ کتنا ہی بااثر کیوں نہ ہو، قانون کی گرفت سے بالاتر نہیں ہوگا انہوں نے کہا کہ شہریوں کے بنیادی حقوق اور ان کی عزتِ نفس کا ہر صورت خیال رکھا جائے گا، پولیس اور عوام کے درمیان اعتماد کا رشتہ مزید مضبوط کیا جائے گا اور تھانے و پولیس دفاتر عوام کے لیے خوف کی نہیں بلکہ داد رسی کی جگہ بنیں گے ڈی پی او گجرات نے معاشرتی اصلاح اور قانون کے مؤثر نفاذ میں میڈیا کے کردار کو انتہائی اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ میڈیا معاشرے کی آنکھ اور آواز ہے، پولیس اور صحافت اگر مثبت انداز میں ایک دوسرے کے ساتھ چلیں تو جرائم کے خاتمے، عوامی مسائل کے حل اور قانون کی حکمرانی کے قیام میں نمایاں بہتری لائی جا سکتی ہے انہوں نے پولیس اور میڈیا کے درمیان موجود فاصلوں کو کم کرنے اور مثالی ورکنگ ریلیشن شپ قائم کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پولیس عوامی مسائل کو سمجھنے اور حل کرنے کے لیے میڈیا کی نشاندہی کو اہمیت دے گی اور صحافیوں کے ساتھ باہمی رابطے کو مزید مؤثر بنایا جائے گا اس موقع پر PFUJ کے ضلعی صدر شاہد اختر چوہدری، جنرل سیکرٹری ڈاکٹر عرفان مغل، فاروق ممتاز اور دیگر صحافی رہنماؤں نے ڈی پی او گجرات فیصل شہزاد کو ضلع گجرات میں خوش آمدید کہتے ہوئے ان کے عزم کو سراہا صحافی رہنماؤں نے یقین دلایا کہ قانون کی بالادستی، انصاف کی فراہمی، شہریوں کے حقوق کے تحفظ اور معاشرتی اصلاح کے لیے میڈیا اپنا بھرپور اور ذمہ دارانہ کردار ادا کرتا رہے گا ملاقات خوشگوار ماحول میں اختتام پذیر ہوئی، تاہم ڈی پی او گجرات کے میرٹ، انصاف، اسلحہ کلچر اور قبضہ مافیا کے خلاف واضح مؤقف کو صحافی برادری کی جانب سے خاص طور پر سراہا گیا
