کریم داد میں معصوم بچی کے ساتھ پیش آنے والے افسوسناک واقعے پر چوہدری علی وڑائچ اور اسسٹنٹ کمشنر گجرات کا متاثرہ خاندان سے اظہارِ ہمدردی

Spread the love

(رپورٹ مرزا طارق محمود)

کریم داد میں معصوم بچی کے ساتھ مبینہ زیادتی اور بعد ازاں قتل کے افسوسناک واقعے پر چوہدری علی وڑائچ اور اسسٹنٹ کمشنر گجرات نے متاثرہ خاندان سے ملاقات کی، ان کے غم میں شریک ہوئے اور اس دل دہلا دینے والے واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔

چوہدری علی وڑائچ نے متاثرہ خاندان کو یقین دلایا کہ اس دکھ بھری گھڑی میں ہم مکمل طور پر آپ کے ساتھ کھڑے ہیں اور انصاف کے حصول کے لیے ہر ممکن تعاون کریں گے۔ انہوں نے پولیس، سکیورٹی اداروں اور متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا کہ واقعے کی فوری اور شفاف تحقیقات کی جائیں اور ذمہ دار ملزم کو جلد از جلد قانون کے مطابق کیفرِ کردار تک پہنچایا جائے۔

چوہدری علی وڑائچ نے خاندان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ “میں آپ کا پیغام وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف تک ضرور پہنچاؤں گا اور ان سے اپیل کروں گا کہ وہ اس واقعے کا خصوصی نوٹس لیں، متاثرہ خاندان کی مکمل مدد کی جائے اور انصاف کی فراہمی کے لیے متعلقہ اداروں کو فوری ہدایات جاری کی جائیں۔”

انہوں نے مزید یقین دہانی کروائی کہ متاثرہ خاندان کو کسی صورت تنہا نہیں چھوڑا جائے گا اور جہاں تک ممکن ہوا، قانونی، انتظامی اور ہر قسم کا تعاون جاری رکھا جائے گا۔

یہ واقعہ صرف ایک خاندان کا دکھ نہیں بلکہ پورے علاقے کے لیے انتہائی افسوس اور تشویش کا باعث ہے۔ معصوم بچی کے لیے فوری انصاف اور ذمہ دار ملزم کے خلاف سخت قانونی کارروائی پورے علاقے کا مشترکہ مطالبہ ہے

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں