رحیم یارخان
ڈویژنل بیوروچیف
میاں طالب حسین
ٹریفک پولیس رحیم یارخان کی جانب سے سڑکوں پر ٹریفک حادثات کی روک تھام، شہریوں کے جان و مال کے تحفظ اور ٹریفک قوانین پر مؤثر عمل درآمد یقینی بنانے کے لیے آگاہی مہم بھرپور انداز میں جاری ہے۔ ڈی ٹی او رحیم یارخان محمد ساجد کی خصوصی ہدایات پر ٹریفک ایجوکیشن یونٹ کے انچارج شہباز گجر کی زیر نگرانی مختلف شاہراہوں اور اہم مقامات پر ڈرائیورز کو ٹریفک قوانین اور روڈ سیفٹی کے حوالے سے آگاہی فراہم کی جا رہی ہے۔
اسی سلسلے میں ٹریفک ایجوکیشن یونٹ کی ٹیم نے کار، موٹر سائیکل، پھٹہ رکشہ اور چنگچی رکشہ ڈرائیوروں میں ٹریفک قوانین اور محفوظ سفر سے متعلق آگاہی پمفلٹس تقسیم کیے۔ اس موقع پر ڈرائیوروں کو ہدایت کی گئی کہ دورانِ ڈرائیونگ ٹریفک قوانین کی مکمل پابندی کریں، مقررہ رفتار سے تجاوز نہ کریں، موٹر سائیکل سوار ہیلمٹ کا لازمی استعمال کریں اور گاڑی چلاتے وقت موبائل فون کے استعمال سے گریز کریں۔
ٹریفک پولیس اہلکاروں نے ڈرائیوروں کو روڈ کراسنگ، لین کی پابندی، اشاروں پر عملدرآمد، غلط سمت میں ڈرائیونگ سے اجتناب اور دیگر بنیادی حفاظتی اصولوں کے بارے میں بھی تفصیلی آگاہی دی۔ پھٹہ رکشہ اور چنگچی رکشہ ڈرائیوروں کو خصوصی طور پر ہدایت کی گئی کہ وہ سواریوں کی گنجائش سے تجاوز نہ کریں اور سڑک پر غیر ذمہ دارانہ انداز میں گاڑی چلانے سے گریز کریں۔
ٹریفک پولیس حکام کا کہنا ہے کہ سڑکوں پر ہونے والے بیشتر حادثات کی بڑی وجہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی، تیز رفتاری، غیر محتاط ڈرائیونگ اور روڈ سیفٹی اصولوں کو نظر انداز کرنا ہے۔ عوام میں شعور اجاگر کرکے اور ڈرائیورز کو ان کی ذمہ داریوں سے آگاہ کرکے حادثات کی شرح میں نمایاں کمی لائی جا سکتی ہے۔
ڈی ٹی او محمد ساجد کی ہدایت پر جاری اس مہم کا بنیادی مقصد صرف ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں پر کارروائی کرنا نہیں بلکہ شہریوں اور ڈرائیورز میں ٹریفک شعور پیدا کرنا بھی ہے، تاکہ ہر شخص سڑک پر اپنی اور دوسروں کی زندگیوں کے تحفظ کو اولین ترجیح دے۔
ٹریفک ایجوکیشن یونٹ کے انچارج شہباز گجر نے اس موقع پر کہا کہ محفوظ سفر کے لیے ٹریفک قوانین پر عمل کرنا ہر شہری کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے ڈرائیورز پر زور دیا کہ وہ جلد بازی اور لاپرواہی سے گریز کرتے ہوئے صبر و تحمل کا مظاہرہ کریں اور سڑک پر موجود دیگر افراد کے حقوق کا بھی خیال رکھیں۔
ٹریفک پولیس کی جانب سے اس عزم کا اظہار کیا گیا ہے کہ ٹریفک قوانین کی آگاہی اور روڈ سیفٹی سے متعلق مہم آئندہ بھی جاری رکھی جائے گی، تاکہ شہریوں میں ذمہ دارانہ ڈرائیونگ کا شعور پروان چڑھے، ٹریفک قوانین کی پاسداری یقینی بنائی جا سکے اور سڑکوں پر قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع کو کم سے کم کیا جا سکے۔
