رحیم یار خان
(میاں طالب حسین)
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (انفورسمنٹ) چوہدری اعتزاز انجم کی زیر صدارت وزیراعظم پاکستان کی خصوصی پیٹرولیم ریلیف اسکیم پر ضلع رحیم یار خان میں مؤثر اور شفاف عملدرآمد کے حوالے سے جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں چاروں تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز، ایڈمنسٹریٹو آفیسر و سیکرٹری آر ٹی اے ریاست علی اور ضلعی پیٹرولیم ایسوسی ایشن کے عہدیداران نے شرکت کی۔اجلاس میں وزیراعظم پاکستان کی جانب سے خطہ کی موجودہ صورتحال کے تناظر میں عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے پیٹرول پر 100 روپے فی لیٹر خصوصی سبسڈی فراہم کرنے کے حکومتی اقدام پر عملدرآمد، اہل افراد کی رجسٹریشن، پیٹرول پمپس پر سبسڈی کی فراہمی اور متعلقہ انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر چوہدری اعتزاز انجم نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان کی خصوصی ہدایت پر عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے پیٹرول پر 100 روپے فی لیٹر سبسڈی کا پیکیج متعارف کرایا گیا ہے، جس سے 800 سی سی تک کی گاڑیوں، موٹر سائیکل رکشوں، آٹو رکشوں، موٹر سائیکلوں اور دیگر اہل سواریوں کے مالکان مستفید ہو سکیں گے۔انہوں نے بتایا کہ اسکیم کے تحت 2011 یا اس کے بعد رجسٹرڈ موٹر سائیکلوں و گاڑیوں کے مالکان حکومت پاکستان کے متعلقہ پورٹل پر خود کو رجسٹرڈ کروا کر سبسڈی حاصل کر سکتے ہیں۔ موٹر سائیکل مالکان کو مجموعی طور پر 20 لیٹر ماہانہ، یعنی 5 لیٹر فی ہفتہ سبسڈی فراہم کی جائے گی، جبکہ موٹر سائیکل، آٹو رکشہ اور لوڈر رکشہ کے لیے بھی مجموعی طور پر 20 لیٹر ماہانہ، یعنی ہر ہفتے 5 لیٹر کی سہولت مقرر کی گئی ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ 800 سی سی تک کی گاڑیوں کے مالکان کو مجموعی طور پر 30 لیٹر ماہانہ پیٹرول پر سبسڈی فراہم کی جائے گی، جو ہر 10 روز بعد حاصل کی جا سکے گی۔
چوہدری اعتزاز انجم نے کہا کہ اوگرا کے پاس رجسٹرڈ تمام پیٹرول پمپس حکومتی ریلیف پیکیج کے تحت اہل صارفین کو سبسڈی کی فراہمی یقینی بنانے کے پابند ہیں۔ پیٹرولیم کمپنیاں اپنے متعلقہ پیٹرول پمپس کے فلرز اور عملہ کو سبسڈی پورٹل کے استعمال، صارفین کی اہلیت کی جانچ اور سبسڈی کے طریقہ کار کے حوالے سے ضروری تربیت فراہم کریں گی۔انہوں نے چاروں تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایت کی کہ وہ اپنے متعلقہ علاقوں میں خصوصی پیٹرولیم ریلیف اسکیم پر عملدرآمد کی باقاعدگی سے نگرانی کریں اور پیٹرول پمپس پر عوام کو درپیش کسی بھی شکایت کے فوری ازالے کے لیے مؤثر اقدامات اٹھائیں۔انہوں نے ضلعی پیٹرولیم ایسوسی ایشن کے عہدیداران اور تمام پیٹرول پمپ مالکان پر زور دیا کہ وہ حکومت کے اس خصوصی ریلیف پیکیج پر مکمل عملدرآمد میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں تاکہ اہل شہریوں کو مقررہ سبسڈی بلا رکاوٹ اور شفاف انداز میں حاصل ہو سکے۔انہوں نے کہا کہ عوامی ریلیف حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، اس لیے متعلقہ تمام محکمے، پیٹرولیم کمپنیاں اور پیٹرول پمپ مالکان باہمی رابطے کے ذریعے اسکیم کے ثمرات حقیقی معنوں میں عوام تک پہنچانے کو یقینی بنائیں۔
