رحیم یار خان / بہاولپور
ڈویژنل بیوروچیف
میاں طالب حسین
صوبہ بہاولپور کی بحالی کا مطالبہ کسی وقتی سیاسی نعرے کا نام نہیں، بلکہ اس خطے کے عوام کا تاریخی، آئینی، قانونی اور جمہوری حق ہے۔ بہاولپور ڈویژن آبادی کے لحاظ سے ایک بڑا ڈویژن ہونے کے ساتھ ساتھ رقبے کے اعتبار سے بھی ایک وسیع اور اہم خطہ ہے، لہٰذا اس کے عوام کو ایک مؤثر اور بااختیار انتظامی نظام کی فراہمی وقت کی اہم ضرورت ہے۔
ان خیالات کا اظہار ممبر ڈویژنل امن کمیٹی و نائب صدر جمعیت علماء پاکستان پنجاب، محمد ریاض نوری نے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ صوبہ بہاولپور کی بحالی اب محض ایک مطالبہ نہیں رہا، بلکہ یہ ایک ایسا عوامی مسئلہ بن چکا ہے جس پر سنجیدہ، آئینی اور عملی پیش رفت وقت کا ناگزیر تقاضا ہے۔
محمد ریاض نوری نے کہا کہ بہاولپور اور اس کے وسیع خطے کے عوام طویل عرصے سے بنیادی سہولیات کی کمی اور انتظامی مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔ لاہور کا طویل فاصلہ، عام آدمی کے لیے وہاں تک رسائی کی دشواریاں اور صوبائی سطح کے امور کے لیے بار بار سفر کرنا عوام کے لیے ایک مستقل مسئلہ بنا ہوا ہے۔ اگر بہاولپور کو دوبارہ صوبے کا درجہ دے دیا جائے تو حکومتی ادارے اور فیصلہ سازی کے مراکز عوام کے قریب تر ہوں گے، جس سے شہریوں کے مسائل کے حل میں تیزی آئے گی اور انتظامیہ براہِ راست عوام کی دسترس میں ہوگی۔
انہوں نے مزید کہا کہ بہاولپور صوبہ صرف انتظامی حدود کی تبدیلی کا نام نہیں، بلکہ یہ خطے میں ترقی اور خوشحالی کے ایک نئے دور کا آغاز ہوگا۔ صوبہ بننے کی صورت میں اعلیٰ تعلیم کے نئے مواقع پیدا ہوں گے، جدید یونیورسٹیاں، میڈیکل کالجز، ٹیکنیکل اور پروفیشنل ادارے قائم کیے جا سکیں گے، جس سے ہمارے نوجوانوں کو اپنے ہی خطے میں معیاری تعلیم کے بہترین مواقع میسر آئیں گے۔
صحت کے شعبے کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس شعبے میں بھی بڑے پیمانے پر اصلاحات اور سرمایہ کاری کی ضرورت ہے۔ جدید ہسپتالوں، میڈیکل سینٹرز اور طبی سہولیات کی فراہمی سے عوام کو علاج کے لیے دوسرے بڑے شہروں کا رخ نہیں کرنا پڑے گا۔ اسی طرح صنعتی، زرعی، تجارتی اور معاشی سرگرمیوں کو فروغ دے کر نوجوانوں کے لیے روزگار کے نئے مواقع پیدا کیے جا سکتے ہیں اور بے روزگاری کے خاتمے کے لیے مؤثر منصوبہ بندی کی جا سکتی ہے۔
محمد ریاض نوری کا کہنا تھا کہ یہ خطہ قدرتی وسائل، زرعی پیداوار، تاریخی اہمیت، وسیع رقبے اور باصلاحیت افرادی قوت سے مالامال ہونے کے باوجود اپنی حقیقی صلاحیت کے مطابق ترقی نہیں کر سکا۔ صوبہ بہاولپور کی بحالی اس محرومی کے ازالے کی طرف ایک فیصلہ کن قدم ثابت ہوگی، جس سے تعلیم، صحت، انفراسٹرکچر، صنعت اور زراعت کے منصوبوں کو مقامی ترجیحات کے مطابق آگے بڑھانے میں مدد ملے گی۔
انہوں نے واضح کیا کہ بہاولپور صوبہ کی بحالی کسی دوسرے علاقے یا شہر کے خلاف نہیں، بلکہ اپنے عوام کے جائز حقوق، بہتر مستقبل اور متوازن ترقی کے لیے ایک پرامن اور جمہوری جدوجہد ہے۔ اس لیے تمام سیاسی و عوامی قوتوں کو چاہیے کہ وہ اس مسئلے کو مصلحتوں سے بالاتر ہو کر محض عوامی مفاد کے تناظر میں دیکھیں۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ بہاولپور کے عوام اب صرف وعدے نہیں بلکہ عملی اقدامات دیکھنا چاہتے ہیں۔ ماضی میں اس حوالے سے سامنے آنے والی قراردادوں، وعدوں اور اعلانات کو عملی جامہ پہنانے کے لیے پارلیمانی اور آئینی طریقۂ کار کے مطابق ایک واضح لائحہ عمل اختیار کیا جائے۔
محمد ریاض نوری نے اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ صوبہ بہاولپور کی بحالی وقت کی آواز، عوام کی آواز اور اس خطے کے شاندار مستقبل کی ضمانت ہے۔ اب ضرورت اس امر کی ہے کہ اس دیرینہ مطالبے کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے آئینی تقاضے پورے کیے جائیں اور عملی قدم اٹھایا جائے۔
بہاولپور صوبہ بحال کرو — عوام کو ان کا حق دو!
بہاولپور کی آواز کو پارلیمان تک مؤثر انداز میں پہنچاؤ!
ترقی، روزگار، تعلیم اور خوشحالی کے لیے صوبہ بہاولپور کا قیام ناگزیر ہے۔
