رحیم یار خان
ڈویژنل بیوروچیف
(میاں طالب حسین)
ایم این اے و وفاقی پارلیمانی سیکرٹری زیب جعفر کی زیرِ صدارت وزیراعظم پاکستان کی پیٹرول سبسڈی پر ضلع رحیم یار خان میں عملدرآمد اور مانیٹرنگ کے حوالے سے جائزہ اجلاس ڈپٹی کمشنر آفس کے کمیٹی روم میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (انفورسمنٹ) چوہدری اعتزاز انجم، اسسٹنٹ کمشنر عبدالحنان خان، ڈی او انڈسٹری ثاقب جوئیہ سمیت دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (انفورسمنٹ) چوہدری اعتزاز انجم نے ضلع میں وزیراعظم پیٹرول سبسڈی پروگرام پر عملدرآمد، مستحق افراد کو سبسڈی کی فراہمی، پیٹرول پمپس کی مانیٹرنگ اور جاری انتظامی اقدامات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ ضلع بھر میں 386 پیٹرول پمپس پر وزیراعظم پاکستان کی جانب سے مخصوص طبقے کو سبسڈی کے تحت پیٹرول فراہم کیا جا رہا ہے۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ وزیراعظم پیٹرول سبسڈی پروگرام کے تحت موٹر سائیکل، لوڈر رکشہ سمیت 800 سی سی تک کی گاڑیوں کے مالکان اس سہولت سے مستفید ہو رہے ہیں۔ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے سبسڈی پروگرام پر مؤثر عملدرآمد، شفافیت کو یقینی بنانے اور صارفین کو مقررہ طریقہ کار کے مطابق سہولت کی فراہمی کے لیے متعلقہ اداروں اور پیٹرول پمپس کی مانیٹرنگ اور عوامی آگہی کا عمل جاری ہے۔
وفاقی پارلیمانی سیکرٹری و ایم این اے زیب جعفر نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان کی جانب سے عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے شروع کیا گیا پیٹرول سبسڈی پروگرام ایک اہم عوامی فلاحی اقدام ہے۔ انہوں نے کہا کہ سبسڈی کا بنیادی مقصد پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے اثرات کو کم کرتے ہوئے موٹر سائیکل، رکشہ اور کم انجن گنجائش والی گاڑیوں کے مالکان کو براہِ راست ریلیف فراہم کرنا ہے۔انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ وزیراعظم پیٹرول سبسڈی پروگرام پر شفاف اور مؤثر انداز میں عملدرآمد یقینی بنایا جائے اور سبسڈی کے حقیقی حقدار افراد تک اس کے ثمرات کی بروقت رسائی کو یقینی بنایا جائے۔انہوں نے کہا کہ پیٹرول پمپس پر سبسڈی کی فراہمی کے عمل کی باقاعدگی سے مانیٹرنگ کی جائے اور کسی بھی قسم کی بے ضابطگی یا شکایت کی صورت میں فوری کارروائی عمل میں لائی جائے۔
زیب جعفر نے مزید کہا کہ گذشتہ دو دنوں میں انہوں نے تحصیل خانپوراور رحیم یار خان کے متعدد پیٹرول پمپس کا وزٹ کرتے ہوئے پیٹرول سبسڈی پر عملدرآمد کا جائزہ اور عوام سے براہ راست معلومات حاصل کیں ہیں۔ شہریوں کی جانب سے وزیر اعظم پاکستان کے اس اقدام کو خوب سراہا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ محکمے عوامی ریلیف کے اس پروگرام کی مؤثر نگرانی کے لیے باہمی رابطہ مزید بہتر بنائیں تاکہ سبسڈی کی فراہمی کے عمل میں شفافیت، سہولت اور میرٹ کو یقینی بنایا جا سکے۔اجلاس میں سبسڈی پروگرام سے متعلق انتظامی امور، مانیٹرنگ کے طریقہ کار اور عوام کو درپیش مسائل کے فوری ازالے سمیت مختلف امور کا بھی جائزہ لیا گیا۔ متعلقہ افسران نے وزیراعظم پیٹرول سبسڈی پروگرام پر مؤثر عملدرآمد کے لیے جاری اقدامات سے اجلاس کو آگاہ کیا۔
