رحیم یار خان
میاں طالب حسین
(ڈویژنل بیوروچیف)
ڈپٹی کمشنر ظہیر انور جپہ نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سکول انٹرن شپ پروگرام کے تحت سکول فار سپیشل ایجوکیشن کے اساتذہ میں تقرری آرڈرز تقسیم کئے۔ اس موقع پر محکمہ سپیشل ایجوکیشن کے افسران، اساتذہ اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔
ڈپٹی کمشنرنے تقرری آرڈرز حاصل کرنے والے اساتذہ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ خصوصی بچوں کی تعلیم و تربیت ایک اہم قومی ذمہ داری ہے اور حکومت پنجاب خصوصی افراد کو معاشرے کا فعال اور باصلاحیت حصہ بنانے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ خصوصی بچوں کو معیاری تعلیمی سہولیات، بہتر ماحول اور تربیت یافتہ اساتذہ کی فراہمی وقت کی اہم ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے عوامی فلاحی وژن کے تحت نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم کرنے اور ان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں سے استفادہ کرنے کے لیے سکول انٹرن شپ پروگرام ایک اہم اقدام ہے۔ اس پروگرام کے ذریعے تعلیمی اداروں میں تدریسی ضروریات پوری کرنے کے ساتھ ساتھ نوجوان اساتذہ کو عملی میدان میں اپنی صلاحیتیں بروئے کار لانے کا موقع مل رہا ہے۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ خصوصی تعلیم کے شعبہ میں خدمات انجام دینے والے اساتذہ کا کردار نہایت اہم ہے، کیونکہ خصوصی بچوں کی تعلیمی، ذہنی اور سماجی نشوونما کے لیے انفرادی توجہ، صبر اور خصوصی تربیتی مہارتوں کی ضرورت ہوتی ہے۔ انہوں نے تقرری حاصل کرنے والے اساتذہ پر زور دیا کہ وہ اپنی ذمہ داریاں محنت، خلوص اور پیشہ ورانہ جذبے کے ساتھ ادا کریں اور خصوصی بچوں کی صلاحیتوں کو نکھارنے کے لیے بھرپور کردار ادا کریں۔انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ سکول فار سپیشل ایجوکیشن میں تدریسی و انتظامی امور کی مؤثر نگرانی یقینی بنائی جائے اور طلبہ کو دستیاب سہولیات سے زیادہ سے زیادہ فائدہ پہنچانے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کئے جائیں۔
