رحیم یارخان
میاں طالب حسین
ڈویژنل بیوروچیف
صدر رحیم یارخان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میاں محمد عامر شہباز نے لیاقت پور میں تاجر کے ساتھ مبینہ تشدد کے واقعے پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ تاجر کی عزت، وقار اور تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔انہوں نے کہا کہ لیاقت پور میں پیش آنے والے واقعے کی ویڈیو بھی سامنے آئی ہے، جس میں ایک اہلکار کی جانب سے تاجر کے ساتھ مبینہ تشدد کا معاملہ دکھائی دیتا ہے۔ واقعے کی مکمل اور غیر جانب دارانہ تحقیقات ضروری ہیں تاکہ حقائق سامنے آ سکیں۔
میاں محمد عامر شہباز نے کہا کہ تاجر قانون کا احترام کرتا ہے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ تعاون بھی کرتا ہے، تاہم قانون کا نفاذ مقررہ قانونی طریقہ کار اور باعزت رویے کے ساتھ ہونا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ رحیم یارخان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اپنے تاجر بھائی کے ساتھ ہے اور اس معاملے کو متعلقہ حکام کے سامنے اٹھانے اور قانونی تقاضوں کے مطابق کارروائی کے لیے اپنا کردار ادا کرے گا۔
میاں محمد عامر شہباز نے مزید کہا کہ ضلع بھر میں تاجروں کے ساتھ کسی بھی قسم کے ناروا سلوک یا تشدد کی شکایات کو سنجیدگی سے لیا جانا چاہیے، کیونکہ کاروباری طبقہ ملکی اور مقامی معیشت میں اہم کردار ادا کرتا ہے اور اس کے ساتھ عزت و احترام سے پیش آنا ضروری ہے۔
