رحیم یار خان
(میاں طالب حسین)
ڈپٹی کمشنر ظہیر انور جپہ کی زیر صدارت محکمہ ریونیو کی کارکردگی، عوام کو فراہم کی جانے والی ریونیو سروسز، گرین پراپرٹی سرٹیفکیٹ اور پلس پراجیکٹ پر عملدرآمد کا جائزہ لینے کے لیے اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریونیو) آبگینے خان، چاروں تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز، ریونیو افسران، انچارج اراضی ریکارڈ سنٹرز سمیت متعلقہ افسران نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران محکمہ ریونیو کے مختلف شعبہ جات کی کارکردگی، زیر التواء معاملات، عوامی درخواستوں، انتقالات، فردات، اراضی ریکارڈ کی درستگی و بروقت فراہمی اور دیگر ریونیو امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر تحصیل وار کارکردگی، مقررہ اہداف پر پیش رفت اور عوام کو ریونیو سروسز کی فراہمی سے متعلق امور پر افسران نے بریفنگ دی۔اجلاس میں گرین پراپرٹی سرٹیفکیٹ کے اجراء اور اس سے متعلقہ امور کا بھی جائزہ لیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ گرین پراپرٹی سرٹیفکیٹ کے نظام کو مؤثر انداز میں نافذ کرتے ہوئے شہریوں کو سہولت فراہم کی جائے اور متعلقہ درخواستوں پر مقررہ طریقہ کار کے مطابق بروقت کارروائی یقینی بنائی جائے۔
ڈپٹی کمشنر نے پلس پراجیکٹ کے تحت اراضی ریکارڈ کی ڈیجیٹلائزیشن، ڈیٹا کی درستگی اور ریونیو ریکارڈ کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے عمل پر بھی پیش رفت کا جائزہ لیا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ پلس پراجیکٹ کے تحت جاری سرگرمیوں کو مقررہ اہداف کے مطابق مکمل کیا جائے اور اراضی سے متعلق معلومات کے اندراج اور تصدیق کے عمل میں شفافیت اور درستگی کو یقینی بنایا جائے۔انہوں نے کہا کہ محکمہ ریونیو عوام سے براہِ راست متعلقہ اہم محکمہ ہے، اس لیے شہریوں کو ریونیو خدمات کی بروقت، شفاف اور میرٹ پر فراہمی اولین ترجیح ہونی چاہیے۔ انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ زیر التواء کیسز کو مقررہ مدت کے اندر نمٹایا جائے اور عوامی شکایات کے ازالے میں غیر ضروری تاخیر سے گریز کیا جائے۔انہوں نے اراضی ریکارڈ سنٹرز میں شہریوں کو بہترین سہولیات کی فراہمی، ریکارڈ کی درستگی، انتقالات و دیگر معاملات کی بروقت تکمیل اور سائلین کی رہنمائی کے لیے مؤثر اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت کی۔
ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ ریونیو امور میں شفافیت، میرٹ اور قانون و ضابطہ کی مکمل پاسداری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ افسران فیلڈ میں ریونیو معاملات کی مؤثر نگرانی کریں، سرکاری واجبات کی وصولی، سرکاری اراضی کے تحفظ اور دیگر متعلقہ امور میں مقررہ اہداف کے حصول پر خصوصی توجہ دیں۔انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ محکمہ ریونیو کی کارکردگی میں مزید بہتری کے لیے مانیٹرنگ کا عمل مؤثر بنایا جائے اور تمام کارکردگی انڈیکیٹرز پر مکمل عملدرآمد یقینی بنایا جائے، تاکہ شہریوں کو جدید، شفاف اور بروقت ریونیو سروسز کی فراہمی کا عمل مزید بہتر بنایا جا سکے۔
