تحصیل صادق آباد کے کچہ کے علاقے گڑھی خیر محمد جھک میں میڈیکل کیمپ کا انعقاد کیا گیا

Spread the love

ڈپٹی کمشنر رحیم یار خان کی ہدایت پر کچہ کے علاقے میں فری میڈیکل کیمپ کا انعقاد، 181 مریضوں کا طبی معائنہ

رحیم یار خان
میاں طالب حسین
ڈویژنل بیوروچیف
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کچہ بحالی پروگرام کے تحت ڈپٹی کمشنر ظہیر انور جپہ کی ہدایات کی روشنی میں چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی ڈاکٹر ابرار حسین چیمہ کی زیرِ نگرانی کچہ بحالی کے اقدامات کے سلسلے میں تحصیل صادق آباد کے کچہ کے علاقے گڑھی خیر محمد جھک میں میڈیکل کیمپ کا انعقاد کیا گیا، جس کا مقصد مقامی آبادی کو بنیادی طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانا تھا۔میڈیکل کیمپ میں دو کلینک آن وہیل گاڑیاں تعینات کی گئیں، جن میں سے ایک گاڑی الٹراساؤنڈ کی سہولت سے بھی لیس تھی۔ کیمپ میں میڈیکل آفیسر، وومن میڈیکل آفیسر، لیڈی ہیلتھ وزیٹر، لیڈی ہیلتھ ورکرز، ڈسپنسرز، پیرا میڈیکل اسٹاف اور متعلقہ یونین کونسل کے ویکسینیٹر نے طبی خدمات سرانجام دیں۔کیمپ کے دوران جنرل او پی ڈی، بچوں کے طبی معائنے، حاملہ خواتین کے قبل از ولادت معائنے، حفاظتی ٹیکہ جات اور الٹراساؤنڈ سمیت مختلف طبی سہولیات فراہم کی گئیں۔ اس موقع پر مجموعی طور پر 181 مریضوں کا طبی معائنہ کیا گیا، جن میں 103 خواتین شامل تھیں، جبکہ 35 بچوں کو بھی طبی معائنے کی سہولت فراہم کی گئی۔
حاملہ خواتین کے آٹھ الٹراساؤنڈ کیے گئے اور طبی معائنے کی روشنی میں حسبِ ضرورت ادویات تجویز کی گئیں۔ اسی طرح 12 بچوں کو حفاظتی ٹیکہ جات فراہم کیے گئے، جن میں سے دو بچے زیرو ڈوز کیٹیگری میں شامل پائے گئے۔ مذکورہ بچوں کی تاریخِ نقل مکانی ضلع اوباڑو اور ضلع راجن پور سے متعلق تھی۔
اسسٹنٹ کمشنر صادق آباد، ڈی ایس پی اور ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر نے بھی میڈیکل کیمپ کا دورہ کیا۔ اس موقع پر کیمپ کے انچارج ڈاکٹر محمد جہانزیب نے افسران کو کیمپمیں فراہم کی جانے والی طبی سہولیات، مریضوں کے معائنے اور حفاظتی ٹیکہ جات کے عمل کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔
ضلعی محکمہ صحت رحیم یار خان کی جانب سے کچہ کے علاقوں میں طبی سہولیات کی فراہمی، ماں اور بچے کی صحت کے تحفظ اور حفاظتی ٹیکہ جات کے دائرہ کار کو مؤثر بنانے کے لیے فیلڈ سطح پر طبی خدمات کی فراہمی جاری ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں