ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (سوشل سروسز) ذیشان شریف نے تحصیل لیاقت پور کا دورہ کیا

Spread the love

رحیم یار خان
(میاں طالب حسین)
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (سوشل سروسز) ذیشان شریف نے تحصیل لیاقت پور کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے مختلف محکموں کے سربراہان کے ساتھ اجلاس کیا اور شہریوں سے ملاقات کرکے ان کی شکایات اور مسائل سنے۔اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر غلام مرتضی، ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر عبدالقیوم سمیت دیگر افسران ہمراہ موجود تھے۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے شہریوں کی جانب سے پیش کردہ درخواستوں پر کارروائی کے لیے متعلقہ افسران کو واضح ٹائم لائنز مقرر کرتے ہوئے درخواستوں کا مکمل ریکارڈ مرتب کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ درخواستوں کی پیش رفت کی نگرانی کے لیے علیحدہ شیٹ تیار کی جائے تاکہ ہر درخواست پر ہونے والی کارروائی اور اس کے حل کو باقاعدگی سے مانیٹر کیا جا سکے۔
بعد ازاں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا، جہاں بعض خالی پلاٹس میں کوڑا کرکٹ موجود ہونے پر متعلقہ حکام کو فوری صفائی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے میونسپل کمیٹی اور ستھرا پنجاب ایجنسی (SPA) کی انتظامیہ کو انفورسمنٹ ٹیم کے ہمراہ صفائی کے انتظامات بہتر بنانے اور خالی پلاٹس سے کوڑا کرکٹ اٹھانے کی ہدایت کی۔
ذیشان شریف نے تجاوزات کے خاتمے کے لیے پیرا فورس کو ریڑھیوں کو مقررہ حدود میں منتقل کرنے اور راستوں کو تجاوزات سے پاک کرنے کی ہدایت کی۔ دورے کے دوران بعض مقامات پر سیوریج کے مسائل بھی سامنے آئے، جس پر محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کو جاری سیوریج لائن منصوبے پر کام تیز کرنے اور نکاسی آب کے مسائل حل کرنے کی ہدایت کی گئی۔انہوں نے تحصیل ہیڈ کواٹر ہسپتال لیاقت پور کا دورہ کرتے ہوئے طبی سہولیات، ڈاکٹرز، پیرا میڈیکس اور ادویات کی دستیابی کا جائزہ لیا۔ انہوں نے زیر علاج مریضوں سے علاج معالجہ کی سہولیات بارے بھی معلومات حاصل کیں۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر لیاقت پور کو شہریوں کی درخواستوں کے حوالے سے فوکل پرسن مقرر کرتے ہوئے ہدایت کی کہ تمام درخواستوں پر پیش رفت کا باقاعدگی سے فالو اَپ کیا جائے اور مقررہ مدت میں مسائل کے حل کو یقینی بنایا جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں