
جہلم (بلال رضا): ملک گیر گرین پاکستان مہم کے تحت نور ویلفیئر سوسائٹی کے زیرِ اہتمام سپورٹس کمپلیکس جہلم میں پودوں کی تقسیم کی تقریب منعقد ہوئی۔ اس اقدام کا مقصد شجرکاری کو فروغ دینا، ماحولیاتی آلودگی میں کمی لانے اور علاقے کو سرسبز و شاداب بنانے کے لیے عوامی شعور اجاگر کرنا تھا۔ تقسیم کیے جانے والے پودے نور ویلفیئر سوسائٹی کے جنرل سیکرٹری ایڈووکیٹ فرحت کمال ضیاء اور مرزا اصغر کی جانب سے عطیہ کیے گئے۔
تقریب میں چیف ایگزیکٹو آفیسر ایجوکیشن ڈاکٹر نازیہ شہزادی اور ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر علیم یوسف نے بطور مہمانانِ خصوصی شرکت کی اور شہریوں میں پودے تقسیم کیے۔ اس موقع پر مقررین نے شجرکاری کی ماحولیاتی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے نور ویلفیئر سوسائٹی کی کاوش کو سراہا اور سرسبز ماحول کے قیام کے لیے اجتماعی کوششوں کی ضرورت پر زور دیا۔
تقریب میں عبدالغفور چوہان، محمد عمر، جہلم پریس کلب کے صدر ڈاکٹر سہیل امتیاز، عابد چوہدری، چوہدری تصور حسین اور عامر کیانی سمیت صحافتی و سماجی حلقوں کے نمائندوں نے شرکت کی۔ اختتام پر شرکاء نے پودوں کی مناسب دیکھ بھال اور شجرکاری کے پیغام کو گھر گھر پہنچانے کے عزم کا اظہار کیا، تاکہ ماحول کے تحفظ اور سرسبز جہلم کے قیام میں مؤثر کردار ادا کیا جا سکے۔
