ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (انفورسمنٹ) ایم ڈی ستھرا پنجاب ایجنسی چوہدری اعتزاز انجم نے امورِ صفائی کا جائزہ لینے کے لیے چک 72 این پی اور نیو جنرل بس اسٹینڈ کا دورہ کیا

Spread the love

رحیم یار خان
(میاں طالب حسین)
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (انفورسمنٹ) ایم ڈی ستھرا پنجاب ایجنسی چوہدری اعتزاز انجم نے امورِ صفائی کا جائزہ لینے کے لیے چک 72 این پی اور نیو جنرل بس اسٹینڈ کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے مختلف مقامات پر صفائی ستھرائی کی صورتحال کا معائنہ کیا اور صفائی کے انتظامات کا جائزہ لیا۔
انہوں نے صفائی کے نظام کو مزید مؤثر بنانے، عوامی مقامات پر صفائی برقرار رکھنے اور شہریوں کو صاف ستھرا ماحول فراہم کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے متعلقہ عملے کو ہدایت کی کہ صفائی کے امور میں باقاعدگی اور ذمہ داری کو یقینی بنایا جائے تاکہ ستھرا پنجاب کے وژن کے مطابق صاف ستھرا ماحول برقرار رکھا جا سکے۔
بعد ازاں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (انفورسمنٹ) چوہدری اعتزاز انجم نے پیرا فورس اور چیف آفیسر میونسپل کمیٹی کے ہمراہ تھلی چوک اور بائی پاس روڈ کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے شہر میں تجاوزات کی صورتِ حال کا جائزہ لیا اور متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ شہر بھر میں تجاوزات کے خاتمے کے لیے مؤثر اور مربوط اقدامات کیے جائیں۔انہوں نے ہدایت کی کہ پیرا فورس اور میونسپل کمیٹی مشترکہ طور پر تجاوزات کے خلاف کارروائی عمل میں لائیں اور شہر کی اہم شاہراہوں، بازاروں اور چوراہوں کو تجاوزات سے پاک کیا جائے تاکہ ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے ساتھ ساتھ شہریوں کو آمدورفت میں درپیش مشکلات کا خاتمہ ممکن بنایا جا سکے۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (انفورسمنٹ) نے مزید ہدایت کی کہ تجاوزات کے خلاف آپریشن سے قبل تاجر برادری کو بروقت آگاہ کیا جائے تاکہ وہ اپنی دکانوں کے باہر قائم تجاوزات اور غیر قانونی رکاوٹیں رضاکارانہ طور پر ختم کر سکیں۔ انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ شہر میں نظم و ضبط برقرار رکھنے، عوامی گزرگاہوں کو کشادہ بنانے اور شہریوں کو بہتر سہولیات کی فراہمی کے لیے تجاوزات کے خاتمے کو یقینی بنایا جائے۔انہوں نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ تجاوزات کے خلاف کارروائی کو مؤثر انداز میں آگے بڑھایا جائے اور اس ضمن میں باہمی رابطے اور مربوط حکمتِ عملی کو یقینی بنایا جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں