گجرات پولیس کی بڑی کامیابی، دولت نگر قتل کیس کا معمہ حل

Spread the love

بھاگووال(چوہدری شہروز عالم سے)
گھریلو تنازعہ پر سگے بھائی نے بھائی کو قتل کر دیا، ملزم محمد بلال گرفتار
گجرات: تھانہ دولت نگر کے علاقے دریکڑی روڈ پر موٹروے کے زیرِ تعمیر پل کے قریب ملنے والی 24 سالہ محمد سفیان کی گلا کٹی نعش کے قتل کا معمہ حل ہوگیا۔ پولیس نے جدید ٹیکنالوجی اور پیشہ ورانہ تفتیش کی مدد سے مقتول کے سگے بھائی محمد بلال کو گرفتار کر لیا۔
پولیس کے مطابق مقتول محمد سفیان 17 اکتوبر کو کام کے سلسلے میں گجرات گیا تھا، جہاں سے واپسی پر اس کی خون میں لت پت نعش سڑک کنارے ملی، جبکہ موٹرسائیکل اور موبائل فون بھی غائب تھے۔
دورانِ تفتیش ملزم نے مبینہ طور پر انکشاف کیا کہ اس نے گھریلو تنازعہ پر قتل کی منصوبہ بندی کی اور اپنے بھائی کو واٹس ایپ کال کرکے گجرات بلایا۔ واپسی پر دریکڑی روڈ کے قریب رفع حاجت کا بہانہ بنا کر موٹرسائیکل رکوائی اور چھری کے وار کرکے بھائی کو قتل کر دیا۔ واردات کو ڈکیتی کا رنگ دینے کے لیے موٹرسائیکل اور موبائل فون بھی ساتھ لے گیا۔
ڈی پی او گجرات فیصل شہزاد کے نوٹس پر ڈی ایس پی صدر سرکل محمد اعظم کی سربراہی میں خصوصی پولیس ٹیم تشکیل دی گئی، جس نے سیف سٹی کیمروں کی فوٹیج اور تکنیکی شواہد کی مدد سے ملزم کو گرفتار کیا۔ پولیس کے مطابق ملزم قتل کے بعد اہل خانہ کے سامنے بے خبری کا ڈرامہ بھی کرتا رہا اور اپنے بھائی کے جنازے میں بھی شریک ہوا۔
گجرات پولیس کے مطابق گرفتار ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں