رحیم یار خان
ڈویژنل بیوروچیف
(میاں طالب حسین)
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (سوشل سروسز) ذیشان شریف نے گورنمنٹ گرلز ماڈل ہائی سکول میں ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی کے زیر اہتمام منعقدہ سٹیم کمپیٹیشن میں شرکت کی۔ اس موقع پر انہوں نے مختلف تعلیمی اداروں کے طلباء و طالبات کی جانب سے تیار کردہ سائنسی و تعلیمی ماڈلز کا معائنہ کیا اور ان کی تخلیقی صلاحیتوں، محنت اور دلچسپی کو سراہا۔ انہوں نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے پوزیشن ہولڈرز میں انعامات اور اسناد بھی تقسیم کیں۔
بعد ازاں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سوشل سروسز ذیشان شریف نے گورنمنٹ پائلٹ سیکنڈری سکول کا دورہ کیا، جہاں ٹریفک قوانین، ماحولیاتی آلودگی اور صفائی ستھرائی سے متعلق طلباء کی آگہی کے لیے تیار کردہ ماڈلز کا جائزہ لیا۔انہوں نے کہا کہ تعلیمی سرگرمیوں کے ساتھ عملی اور تخلیقی منصوبوں کے ذریعے طلباء میں شعور، ذمہ داری اور مثبت سوچ کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ ٹریفک قوانین کی پابندی، صاف ستھرے ماحول کا قیام اور ماحولیاتی آلودگی کی روک تھام کے لیے نوجوان نسل میں آگہی پیدا کرنا ناگزیر ہے۔انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ ایسی تعلیمی سرگرمیاں طلباء کی صلاحیتوں کو نکھارنے اور انہیں معاشرے کا ذمہ دار شہری بنانے میں اہم کردار ادا کریں گی۔
