رحیم یار خان
ڈویژنل بیوروچیف
(میاں طالب حسین)
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر عرفان علی سموں نے کہا ہے کہ پولیس افسران عوام الناس کے درپیش مسائل اور شکایات کے فوری ازالے کے لیے تمام تر وسائل اور صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں، بلا تفریق انصاف کی فراہمی اور میرٹ کی بالادستی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈی پی او آفس کمپلینٹ سیل میں سائلین کی درخواستیں اور شکایات براہِ راست سنتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ڈی پی او نے شہریوں کی جانب سے پیش کی جانے والی مختلف نوعیت کی درخواستوں کا جائزہ لیا اور متعلقہ افسران کو جائے وقوعہ و حالات کی بروقت شفاف چھان بین اور مقررہ مدت کے اندر میرٹ پر فیصلہ کرنے کے احکامات جاری کیے۔ ڈی پی او عرفان علی سموں نے تاکید کی کہ کھلی کچہری اور کمپلینٹ سیل میں آنے والی ہر درخواست پر بلا تاخیر کارروائی کی جائے تاکہ عام شہری کو اپنے جائز حقوق کے لیے دفتری چکر نہ لگانے پڑیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پولیس کا بنیادی مقصد عوام کے جان و مال کا تحفظ اور انصاف کا بول بالا کرنا ہے۔
