رحیم یار خان
(خصوصی رپورٹ
میاں طالب حسین،
ڈویژنل بیوروچیف)
ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن رحیم یار خان کے سالانہ انتخابات برائے سال 2026-27 کے سلسلے میں وکلاء برادری میں انتخابی گہما گہمی اور جوش و خروش انتہائی عروج پر پہنچ گیا ہے۔ انتخابات کے پیش نظر “فرینڈز اینڈ فرینڈز وکلاء اتحاد و ویلفیئر الائنس” نے باہمی مشاورت کے بعد اپنے متفقہ امیدواروں کے پینل کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے، جس کے بعد بار میں الیکشن کی فضا مزید گرم ہو گئی ہے۔
متفقہ پینل کے نامزد امیدوار
الائنس کی جانب سے جاری کردہ اعلان کے مطابق انتخابی میدان میں اترنے والے پینل میں شامل ہیں:
برائے صدارت: جام عبدالمالک (ایڈووکیٹ سپریم کورٹ)
برائے جنرل سیکرٹری: چوہدری نعمان قادر (ایڈووکیٹ ہائی کورٹ)
ممتاز قیادت کی سرپرستی اور وکلاء کی حمایت
اس پینل کو سابق صدر ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن رحیم یار خان اور ایڈووکیٹ سپریم کورٹ ملک ساجد علی فیروز سمیت وکلاء برادری کی سرکردہ شخصیات کی مکمل سرپرستی اور حمایت حاصل ہے۔ پینل کی جانب سے نامزدگی کے ساتھ ہی وکلاء کی جانب سے بھرپور استقبال کیا جا رہا ہے اور جگہ جگہ انتخابی مہم کے سلسلے میں کارنر میٹنگز اور روابط تیز کر دیے گئے ہیں۔
وکلاء برادری کی فلاح و بہبود کا عزم
الائنس کے نمائندوں کا کہنا ہے کہ ان کا بنیادی مقصد ڈسٹرکٹ بار رحیم یار خان کے وقار کی بحالی، جونیئر وکلاء کی فلاح و بہبود اور بار کے پیشہ ورانہ مسائل کا پائیدار حل تلاش کرنا ہے۔ وکلاء برادری میں پینل کی مقبولیت کے پیش نظر اتّحاد کے کونسل ممبران اور سپورٹرز الیکشن میں تاریخی کامرانی کے لیے پرامید نظر آتے ہیں۔
