سکندر ملک ۔
وزیرآباد وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے کسان دوست ویژن اور زرعی شعبے کی ترقی کے تحت وزیراعلیٰ گرین ٹریکٹر پروگرام کے فیز فور میں ضلع وزیرآباد کے 70 کاشتکاروں کو قرعہ اندازی کے ذریعے کامیاب قرار دے کر گرین ٹریکٹرز کی فراہمی کا عمل شروع کر دیا گیا۔ منتخب کاشتکاروں میں سے اب تک 61 فارمرز اپنے الاٹمنٹ لیٹرز وصول کر چکے ہیں، جبکہ 35 کاشتکاروں کی ٹریکٹر بکنگ بھی مکمل ہو چکی ہے۔اس سلسلے میں اسسٹنٹ کمشنر آفس وزیرآباد میں خصوصی تقریب منعقد ہوئی، جس میں رکن صوبائی اسمبلی چوہدری وقار احمد چیمہ،اسسٹنٹ کمشنر عمران علی نے قرعہ اندازی میں کامیاب ہونے والے خوش نصیب کاشتکاروں میں گرین ٹریکٹرز کی چابیاں تقسیم کیں۔ اس موقع پر کاشتکاروں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔تقریب میں تحصیلدار کاشف احمد،زراعت آفیسر حافظ محمد بلال،چوہدری عرفان چٹھہ، انصرمحمود سندھو، بابو شعیب ادریس، کرنل (ر) ساجد ابرار باگڑی، محمد عظیم نصر اللہ چیمہ،حامد ناصر ساہی، چوہدری عامر محمود ساہی، افتخار احمد بٹ، سید ضمیر کاظمی، کاشف محمود خان، صوفی اشرف نثار، زاہد محمود ہاشمی،نعیم اشرف، شہباز احمد چیمہ سمیت دیگر معززین بھی موجود تھے۔اس موقع پر بتایا گیا کہ گرین ٹریکٹر پروگرام کے تحت ضلع وزیرآباد کے لیے 70 کاشتکاروں کو کامیاب قرار دیا گیا ہے، جن میں سے 61 کاشتکار الاٹمنٹ لیٹر حاصل کر چکے ہیں اور 35 فارمرز کی بکنگ کا مرحلہ بھی مکمل ہو چکا ہے۔ فیز فور کے تحت لو پاور گرین ٹریکٹر پیکیج کی ڈلیوری کا آغاز بھی کر دیا گیا ہے، جو ضلع کے کاشتکاروں کے لیے ایک اہم پیش رفت ہے۔ایم پی اے چوہدری وقار احمد چیمہ نے کامیاب کاشتکاروں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کسانوں کی خوشحالی، زرعی شعبے کی ترقی اور کاشتکاروں کو جدید زرعی سہولیات کی فراہمی کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہیں۔ کسان ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں اور ان کی خوشحالی ملکی معیشت کی مضبوطی کی ضمانت ہے۔انہوں نے کہا کہ گرین ٹریکٹر پروگرام کے ذریعے کاشتکاروں کو جدید زرعی مشینری سبسڈی پر فراہم کی جا رہی ہے، جس سے نہ صرف زرعی پیداوار میں اضافہ ہوگا بلکہ فی ایکڑ اخراجات میں کمی اور فصلوں کی بروقت کاشت بھی ممکن ہو سکے گی۔ وزیراعلیٰ پنجاب کا یہ پروگرام کسان دوست پالیسیوں کا عملی ثبوت ہے، جس کے مثبت ثمرات صوبے بھر کے کاشتکاروں تک پہنچ رہے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ حکومت پنجاب زرعی شعبے کو جدید خطوط پر استوار کرنے اور کسانوں کو معاشی طور پر مستحکم بنانے کے لیے پرعزم ہے۔ گرین ٹریکٹر سکیم سے جہاں کاشتکاروں کو براہ راست ریلیف ملے گا، وہیں زرعی مشینری کے استعمال کو فروغ اور مقامی ٹریکٹر سازی کی صنعت کو بھی تقویت حاصل ہوگی۔
