رحیم یارخان
میاں طالب حسین
(ڈویژنل بیوروچیف)
خان پور ریلوے اسٹیشن پر خیبر میل ایکسپریس میں بم کی اطلاع افواہ ثابت، سکیورٹی کلیئرنس کے بعد ٹرین منزل کی جانب روانہ ریسکیو 1122 اور ریلوے پولیس کی جانب سے کراچی سے پشاور جانے والی خیبر میل ایکسپریس میں بم کی موجودگی کی اطلاع موصول ہونے پر پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے خان پور ریلوے اسٹیشن پر فوری سرچ آپریشن مکمل کر لیا، تاہم تلاشی کے دوران کوئی مشکوک یا دھماکہ خیز مواد برآمد نہ ہوا اور اطلاع محض افواہ ثابت ہوئی۔ تفصیلات کے مطابق خیبر میل ایکسپریس کی خان پور ریلوے اسٹیشن آمد سے قبل بم کی موجودگی کی اطلاع ملتے ہی ایس ایچ او تھانہ سٹی خان پور عاصم شفیق نے اعلیٰ حکام کو آگاہ کرتے ہوئے فوری طور پر نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچ کر اسٹیشن کو گھیرے میں لے لیا۔ اطلاع ملتے ہی ایس پی انویسٹی گیشن سید جمشید علی شاہ، ڈی ایس پی خان پور شاہد نذیر، سرکل ایس ایچ اوز حاجی محمد مسلم ضیاء اور ذیشان محمود رندھاوا سمیت پولیس کی بھاری نفری اور متعلقہ اداروں کے اہلکار بھی موقع پر پہنچ گئے۔ ٹرین کے پلیٹ فارم پر رکتے ہی ریلوے اور ضلعی پولیس نے حفاظتی اقدامات کے تحت تمام مسافروں کو بحفاظت بوگیوں سے اتار کر مخصوص فاصلے پر منتقل کر دیا، جبکہ عوام کے رش اور کسی بھی ممکنہ بھگدڑ سے بچنے کے لیے اسٹیشن کے اطراف سکیورٹی کا حصار قائم رکھا گیا۔ ایس پی انویسٹی گیشن سید جمشید علی شاہ کی نگرانی میں سول ڈیفنس کے بم ڈسپوزل اسکواڈ (EOD) کے اہلکاروں نے حفاظتی لباس اور جدید آلات کی مدد سے ٹرین کی تمام بوگیوں کی مکمل تلاشی لی۔ تفصیلی سرچنگ کے بعد ٹرین کو مکمل طور پر کلیئر قرار دے دیا گیا، جس کے بعد مسافروں کو دوبارہ سوار کر کے ٹرین کو اپنی منزل کی جانب روانہ کر دیا گیا۔
