رحیم یار خان
میاں طالب حسین،
ڈویژنل بیوروچیف
ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن رحیم یار خان (انتخابات 2026-27): انتخابی سرگرمیاں عروج پر، صدارتی امیدوار سردار سلیم اللہ خان کورائی اور جنرل سیکرٹری امیدوار کاشف علی سندھو کا بار کو ساؤتھ پنجاب کا مثالی بار بنانے کا عزم
رحیم یار خان: ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن رحیم یار خان کے سالانہ انتخابات برائے سال 2026-27 کے سلسلے میں وکلا برادری میں زبردست جوش و خروش دیدنی ہے۔ انتخابات کے پیش نظر مختلف پینلز اور امیدواروں کی طرف سے انتخابی مہم، کارنر میٹنگز اور ملاقاتوں کا سلسلہ تیزی سے جاری ہے۔ بار کے انتخابات کے لیے تیاریاں اپنے عروج پر ہیں، جہاں امیدواروں کی جانب سے مسلسل تقاریب کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔
آئندہ انتخابات کے لیے نمایاں امیدواروں میں سردار سلیم اللہ خان کورائی ایڈووکیٹ ہائی کورٹ برائے عہدہ صدارت اور کاشف علی سندھو ایڈووکیٹ ہائی کورٹ برائے جنرل سیکرٹری میدان میں ہیں۔ اس کے علاوہ نائب صدر، جوائنٹ سیکرٹری اور لائبریری سیکرٹری سمیت دیگر عہدوں کے لیے بھی نامزد امیدواروں کے پینلز نے بھرپور انداز میں حصہ لینا شروع کر دیا ہے۔
انتخابی اجتماعات سے خطاب اور اپنے جاری کردہ مشترکہ بیان میں امیدوار برائے صدر سردار سلیم اللہ خان کورائی اور امیدوار برائے جنرل سیکرٹری کاشف علی سندھو نے عزم ظاہر کیا کہ:
“انشاء اللہ تعالیٰ جب ہم ڈسٹرکٹ بار میں اپنے عہدوں پر برجمان ہوں گے تو بار میں رکے ہوئے تمام ترقیاتی کاموں کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرانے میں اپنا کلیدی کردار ادا کریں گے۔ ینگ وکلا کے جتنے بھی مسائل ہیں، ان کا فوری ازالہ کیا جائے گا اور اس بار کو ساؤتھ پنجاب کا ایک مثالی بار بنا کر دکھایا جائے گا۔”
دونوں رہنماؤں نے اس موقع پر اپنے پینل میں موجود تمام سینئر اور جونیئر وکلا کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ ان کی بھرپور حمایت اور تعاون پر ان کے شکر گزار ہیں اور ہمیشہ سینئر وکلا کے ساتھ شانہ بشانہ چلیں گے۔
انتخابی اجتماعات میں وکلا کی کثیر تعداد نے شرکت کی اور اپنے قائدین کے حق میں بھرپور نعرے بازی کی۔ رحیم یار خان کے وکلا حلقوں میں ان انتخابات کو انتہائی اہمیت کی نگاہ سے دیکھا جا رہا ہے اور یہ توقع کی جا رہی ہے کہ پولنگ کا عمل نہایت پُرامن اور بھرپور جوش و جذبے کے ساتھ منعقد ہوگا۔
