انسانی حقوق کا تحفظ اور مظلوم کی داد رسی ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے، اسما نوید خان

Spread the love

رحیم یار خان
(میاں طالب حسین،
ڈویژنل بیورو چیف)

انٹرنیشنل ہیومن رائٹس موومنٹ (IHRM) ضلع رحیم یار خان کی صدر محترمہ اسما نوید خان نے ایس ایچ او سٹی سرکل صادق آباد جام آفتاب احمد اور معروف قانون دان ایڈووکیٹ خالد بن سعید سے اہم ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران علاقے میں امن و امان کی مجموعی صورتحال، شہریوں کو درپیش مسائل اور انسانی حقوق سے متعلق مختلف اہم معاملات و زیرِ التوا کیسز پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر محترمہ اسما نوید خان نے جام آفتاب احمد کو انسپکٹر کے عہدے پر ترقی پانے پر دلی مبارکباد پیش کی اور ان کی پیشہ ورانہ خدمات کو سراہتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
ملاقات میں ایس ایچ او جام آفتاب احمد اور ایڈووکیٹ خالد بن سعید کی جانب سے انسانی حقوق کے معاملات پر نہایت مثبت ردِعمل سامنے آیا۔ دونوں شخصیات نے یقین دہانی کروائی کہ انسانی حقوق کے کیسز کے فوری حل اور متاثرہ افراد کو انصاف کی فراہمی کے لیے ہر ممکن تعاون کیا جائے گا، جبکہ اس سلسلے میں انٹرنیشنل ہیومن رائٹس موومنٹ کے ساتھ ہر سطح پر بھرپور معاونت جاری رکھی جائے گی۔
اس موقع پر محترمہ اسما نوید خان نے کہا کہ انسانی حقوق کا تحفظ، مظلوم کی داد رسی اور معاشرے میں پائیدار امن و انصاف کا قیام ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے، جس کے لیے پولیس، وکلا اور انسانی حقوق کی تنظیموں کا باہمی اشتراک نہایت ضروری ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں