رحیم یار خان: البصیر فری آئی ہسپتال کے لیے مختص زمین پر پُروقار دعائیہ تقریب، تعمیراتی کاموں کے عملی آغاز کی علامتی رسم ادا کر دی گئی

Spread the love

رحیم یار خان
(میاں طالب حسین
، ڈویژنل بیوروچیف)

رحیم یار خان میں مستحق اور نادار مریضوں کو آنکھوں کے علاج معالجے کی مفت اور جدید سہولیات فراہم کرنے کے عظیم فلاحی مشن کے تحت “البصیر فری آئی ہسپتال” کی عمارت کے لیے مختص کی گئی اراضی پر ایک پُروقار دعائیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں شہر کی ممتاز کاروباری، سماجی اور طبی شخصیات نے بھرپور شرکت کی۔
تقریب میں چیئرمین رائل گروپ و سینئر لیڈر فرینڈز بزنس فورم آر وائی کے سی سی آئی (RYKCCI) چوہدری عبدالرؤف، ڈپٹی چیئرمین پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن چوہدری محمد اسد، نائب صدر صادق کلب چوہدری شہاب سرور، سعودی عرب سے خصوصی طور پر تشریف لائے ہوئے ڈاکٹر محمد صدیق اور ڈاکٹر محمد اشرف نون نے ہسپتال کی مجوزہ اراضی کا تفصیلی دورہ کیا۔ اس موقع پر چوہدری محمد افضل، چوہدری محمد حیدر، چوہدری افضال وقاص (گرے سٹون کنسٹرکشن)، میاں شفقت، میاں وقاص اور دیگر معززینِ علاقہ بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔
دورے کے دوران تمام معزز مہمانوں اور شرکاء نے مشترکہ طور پر زمین کی مٹی کھود کر البصیر فری آئی ہسپتال کے تعمیراتی منصوبے کے عملی آغاز کی علامتی رسم ادا کی۔ تقریب کے اختتام پر ہسپتال کی بحفاظت تعمیر، منصوبے کی کامیابی اور دکھی انسانیت کی خدمت کے اس نیک مشن کی جلد تکمیل کے لیے خصوصی اجتماعی دعا کی گئی۔
تقریب میں ہسپتال کی تعمیر کے لیے قیمتی زمین وقف کرنے والے مخیّر شخصیت رانا قیصر اقبال بھی خصوصی طور پر شریک تھے۔ تمام شرکاء نے رانا قیصر اقبال کے اس عظیم ایثار اور فلاحی جذبے کو زبردست خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کا یہ اقدام علاقے کے غریب، مستحق اور ضرورت مند مریضوں کے لیے ایک بیش بہا تحفہ اور قابلِ قدر خدمت ہے، جو صدقہ جاریہ کے طور پر ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں