انسپکٹر ڈاکٹر محمد ساجد چانڈیہ نے پیشہ ورانہ فرائض کی احسن طریقے سے انجام دہی کے ساتھ ساتھ تعلیمی میدان میں بھی نمایاں کامیابی حاصل کرکے اپنی اعلیٰ صلاحیتوں کا لوہا منوایا

Spread the love

رحیم یار خان
میاں طالب حسین
(ڈویژنل بیوروچیف)

ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر عرفان علی سموں نے کہا ہے کہ انسپکٹر ڈاکٹر محمد ساجد چانڈیہ نے پیشہ ورانہ فرائض کی احسن طریقے سے انجام دہی کے ساتھ ساتھ تعلیمی میدان میں بھی نمایاں کامیابی حاصل کرکے اپنی اعلیٰ صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے، پی ایچ ڈی فزکس جیسی اعلیٰ ترین ڈگری کا حصول نہ صرف ان کی ذاتی محنت کا ثمر ہے بلکہ پوری پنجاب پولیس کے لیے باعثِ فخر ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ڈی پی او آفس میں پی ایچ ڈی فزکس کی ڈگری مکمل کرنے والے انسپکٹر ڈاکٹر محمد ساجد چانڈیہ سے ملاقات کے دوران کیا۔ اس موقع پر ڈی پی او عرفان علی سموں نے انہیں مبارکباد دی، پھولوں کا گلدستہ پیش کیا اور ان کی محکمانہ خدمات سمیت علمی و عملی کامیابیوں کو بھرپور انداز میں سراہا۔ڈی پی او عرفان علی سموں نے مزید کہا کہ علم کا حصول ہر دور میں ترقی کی ضمانت رہا ہے اور پولیس افسران و اہلکاروں کا اعلیٰ تعلیم کی طرف راغب ہونا محکمے کے وقار میں اضافے اور عوام کو بہتر خدمات کی فراہمی میں معاون ثابت ہوتا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ڈاکٹر محمد ساجد چانڈیہ اپنی علمی قابلیت اور پیشہ ورانہ تجربے کو بروئے کار لاتے ہوئے محکمہ پولیس کی نیک نامی اور عوامی خدمت کے مشن کو مزید آگے بڑھائیں گے۔ آخر میں انہوں نے انسپکٹر ڈاکٹر محمد ساجد چانڈیہ کے روشن مستقبل اور مزید کامیابیوں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں