ڈپٹی کمشنر ظہیر انور جپہ نے مریم نواز سکول فار سپیشل چلڈرن سینٹر آف ایکسیلنس کا دورہ

Spread the love

رحیم یار خان
میاں طالب حسین
(ڈویژنل بیوروچیف )
ڈپٹی کمشنر ظہیر انور جپہ نے مریم نواز سکول فار سپیشل چلڈرن سینٹر آف ایکسیلنس کا دورہ کرتے ہوئے خصوصی طلبہ کو فراہم کی جانے والی تعلیمی سہولیات، تدریسی سرگرمیوں اور لرننگ کے عمل کا تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے مختلف کلاس رومز کا معائنہ کیا اور طلبہ کی تعلیمی سرگرمیوں، اساتذہ کی تدریسی کارکردگی اور ادارے میں فراہم کردہ سہولیات کا مشاہدہ کیا۔
ڈپٹی کمشنر نے خصوصی طلبہ کی تعلیم و تربیت کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ خصوصی بچوں کو معیاری تعلیم، بہتر تعلیمی ماحول اور ضروری سہولیات کی فراہمی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ طلبہ کی انفرادی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے تدریسی و تربیتی سرگرمیوں کو مزید مؤثر بنایا جائے اور ان کی صلاحیتوں کو نکھارنے کے لیے خصوصی توجہ دی جائے۔ انہوں نے اساتذہ اور متعلقہ عملے کو اپنی ذمہ داریاں مزید محنت اور لگن سے ادا کرنے کی ہدایت بھی کی۔
بعد ازاں ڈپٹی کمشنر ظہیر انور جپہ نے تھلی چوک کا دورہ کیا جہاں انہوں نے میونسپل کمیٹی اور ستھرا پنجاب ایجنسی، پیرا فورس کی جانب سے تجاوزات کے خاتمے اور صفائی ستھرائی کے لیے جاری آپریشن کا معائنہ کیا۔ انہوں نے موقع پر جاری کارروائیوں کا جائزہ لیتے ہوئے متعلقہ افسران سے آپریشن کی پیشرفت اور انتظامات کے بارے میں بریفنگ لی۔انہوں نے ہدایت کی کہ تھلی چوک سمیت شہر کے تمام اہم چوکوں، شاہراہوں اور عوامی مقامات سے غیر قانونی تجاوزات کا خاتمہ یقینی بنایا جائے تاکہ ٹریفک کی روانی برقرار رہے اور شہریوں کو آمدورفت میں مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ انہوں نے واضح کیا کہ تجاوزات کے خلاف کارروائی بلاامتیاز جاری رکھی جائے اور آپریشن کے بعد دوبارہ تجاوزات قائم ہونے کی روک تھام کے لیے مؤثر نگرانی کا نظام وضع کیا جائے۔انہوں نے ستھرا پنجاب ایجنسی کے متعلقہ افسران اور عملے کو صفائی آپریشن مزید مؤثر بنانے، سڑکوں، فٹ پاتھوں اور چوکوں کی باقاعدگی سے صفائی یقینی بنانے اور جمع شدہ کوڑا کرکٹ فوری طور پر اٹھانے کی ہدایت کی۔ ان کا کہنا تھا کہ شہر کی خوبصورتی، صفائی اور شہریوں کو صاف ستھرا ماحول فراہم کرنے کے لیے تمام متعلقہ ادارے باہمی رابطے اور ذمہ داری کے ساتھ اپنے فرائض سرانجام دیں۔
ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ صفائی ستھرائی اور تجاوزات کے خاتمے کے اقدامات میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی اور شہریوں کو بہتر شہری سہولیات کی فراہمی کے لیے فیلڈ میں عملی اقدامات کا تسلسل برقرار رکھا جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں