جہلم (بلال رضا): ڈپٹی کمشنر جہلم محترمہ عاصمہ اعجاز چیمہ نے صنعت زار جہلم کا اچانک دورہ کیا اور ادارے میں جاری مختلف ہنرمندی کے تربیتی کورسز اور عملی سرگرمیوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے تربیتی شعبہ جات کا معائنہ کرتے ہوئے زیرِ تربیت خواتین کی سرگرمیاں دیکھیں اور ان کے تیار کردہ عملی نمونوں کا بھی مشاہدہ کیا۔ انہوں نے خواتین کی فنی مہارتوں، تربیت کے معیار اور ادارے میں دستیاب سہولیات کا جائزہ لیتے ہوئے مجموعی کارکردگی کا معائنہ کیا۔


ڈپٹی کمشنر محترمہ عاصمہ اعجاز چیمہ نے کہا کہ خواتین کو جدید تقاضوں کے مطابق ہنر سکھانا انہیں معاشی طور پر خودمختار بنانے کی جانب اہم قدم ہے۔ انہوں نے خواتین کی فلاح و بہبود اور ہنرمندی کے فروغ کے لیے صنعت زار میں مزید سہولیات فراہم کرنے کے عزم کا اظہار کیا تاکہ زیرِ تربیت خواتین اپنی صلاحیتوں کو مزید نکھار سکیں اور باعزت روزگار کے مواقع حاصل کرنے کے قابل بنیں۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ خواتین کو ہنر مند اور بااختیار بنا کر ملکی معیشت اور معاشرتی ترقی میں ان کا مؤثر کردار یقینی بنایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تربیتی سرگرمیوں کے معیار کو برقرار رکھنے، عملی مہارتوں میں بہتری اور ادارے کی سہولیات کو مزید مؤثر بنانے پر خصوصی توجہ دی جائے تاکہ خواتین معاشی خودکفالت حاصل کرکے معاشرے کی ترقی میں فعال کردار ادا کر سکیں۔
