
جہلم (بلال رضا): پیٹرول اور ڈیزل کی غیر قانونی کھلی فروخت کی روک تھام اور شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے ڈپٹی کمشنر جہلم محترمہ عاصمہ اعجاز چیمہ کی ہدایات پر سول ڈیفنس آفیسر جہلم راشد رفیق نے نتھوالہ میں واقع پیٹرول پمپ کے خلاف کارروائی کی۔ کارروائی کے دوران کھلے عام پیٹرول اور ڈیزل فروخت کیے جانے پر پیٹرول پمپ کی ایک نوزل سیل کر دی گئی۔ اس اقدام کا مقصد پیٹرولیم مصنوعات کی غیر محفوظ فروخت کی روک تھام اور حفاظتی ضوابط پر عملدرآمد یقینی بنانا تھا۔
سول ڈیفنس آفیسر راشد رفیق نے پیٹرول پمپ پر پیٹرولیم مصنوعات کی فروخت کے طریقہ کار کا جائزہ لیا اور حفاظتی اصولوں کی پابندی کی اہمیت پر زور دیا۔ کھلے عام پیٹرول اور ڈیزل کی فروخت مقررہ حفاظتی ضوابط کے منافی ہے، جس سے شہریوں اور املاک کو خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔ اسی تناظر میں خلاف ورزی سامنے آنے پر متعلقہ نوزل کو سیل کرنے کی کارروائی عمل میں لائی گئی۔
ڈپٹی کمشنر جہلم محترمہ عاصمہ اعجاز چیمہ نے ہدایت کی ہے کہ پیٹرول اور ڈیزل کی غیر قانونی کھلی فروخت اور حفاظتی ضوابط کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھی جائیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ اور پیٹرولیم مصنوعات کی محفوظ فروخت کو یقینی بنانے کے معاملے میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔
