برطانیہ میں پاکستان کے ہائی کمشنر ٹیپو عثمان نے برطانیہ کے بادشاہ چارلس سوئم کو اپنی سفارتی اسناد پیش کر دیں

Spread the love


لندن عارف چودھری
برطانیہ میں پاکستان کے ہائی کمشنر ٹیپو عثمان نے آج سینٹ جیمز پیلس لندن میں منعقدہ ایک خصوصی تقریب میں برطانیہ کے بادشاہ چارلس سوئم کو اپنی سفارتی اسناد پیش کیں۔

اس موقع پر ہائی کمشنر کی اہلیہ محترمہ صائمہ ٹیپو بھی ان کے ہمراہ تھیں۔ ہائی کمشنر اور ان کی اہلیہ کو سفارتی آداب کے مطابق وائس مارشل آف دی ڈپلومیٹک کور کی سربراہی میں شاہی بگھی کے ذریعے لنکاسٹر ہاؤس سے سینٹ جیمز پیلس لے جایا گیا۔شاہ چارلس سوئم سے ملاقات کے دوران ہائی کمشنر ٹیپو عثمان نے صدرِ پاکستان اوروزیرِ اعظم پاکستان کی جانب سے نیک خواہشات اور خیرسگالی کے پیغامات پہنچائے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام شاہ چارلس سوئم کو انتہائی عزت و احترام کی نگاہ سے دیکھتے ہیں اور ان کے ماضی کے دورۂ پاکستان کی خوشگوار یادیں آج بھی تازہ ہیں۔
ہائی کمشنر نے پاکستان اور برطانیہ کے درمیان دیرینہ اور دوستانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔انہوں نے بالخصوص تجارت، سرمایہ کاری، ثقافتی تعاون اور عوامی روابط سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے کی خواہش کا اظہار کیا۔اس موقع پر شاہ چارلس سوئم نے ہائی کمشنر ٹیپو عثمان اور ان کی اہلیہ محترمہ صائمہ ٹیپو کا خیرمقدم کیا اور پاکستان کی قیادت اور عوام کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں