جہلم (بلال رضا): سڑک حادثات کی روک تھام اور محفوظ سفر کا شعور اجاگر کرنے کے لیے گورنمنٹ ڈگری کالج جی ٹی روڈ جہلم میں سڑک حادثات کے متاثرین کی یاد کے عالمی دن کے حوالے سے آگاہی تقریب منعقد ہوئی۔ تقریب میں اسسٹنٹ کمشنر جہلم عبداللہ غازی خان، ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر سعید احمد، بانی حمزہ بیگ ویلفیئر سوسائٹی توصیف بیگ، پرنسپل مبشر افتخار، ریسکیورز، رضاکاروں اور سینکڑوں طلباء و طالبات نے شرکت کی۔


ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر سعید احمد نے بتایا کہ ضلع جہلم میں ہر سال تقریباً چھ ہزار افراد سڑک حادثات میں شدید زخمی جبکہ 70 افراد موقع پر جاں بحق ہو جاتے ہیں۔ انہوں نے ایک افسوسناک حادثے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ سڑک حادثات پورے خاندان کی زندگی متاثر کر دیتے ہیں۔ اسسٹنٹ کمشنر عبداللہ غازی خان نے کہا کہ یہ دن ہمیں یاد دلاتا ہے کہ حادثات میں بچھڑنے والوں کو فراموش نہیں کرنا اور انسانی جانوں کے تحفظ کے لیے کوششیں جاری رکھنی ہیں۔ توصیف بیگ نے اس دن کو اپنے لیے حمزہ کی برسی کے مترادف قرار دیا، جبکہ پرنسپل مبشر افتخار نے کہا کہ کسی کی جان بچانے کی کوشش صدقۂ جاریہ ہے۔
تقریب کے دوران روڈ سیفٹی سے متعلق درست جوابات دینے والے اسکوٹی اور موٹر سائیکل سوار طلباء و طالبات میں ہیلمٹ تقسیم کیے گئے۔ بعد ازاں سڑک حادثات میں جاں بحق افراد کے لیے اجتماعی دعائے مغفرت بھی کی گئی۔ اسسٹنٹ کمشنر نے ٹریفک قوانین کی پابندی اور محتاط ڈرائیونگ کی تلقین کرتے ہوئے کہا کہ سڑک پر ہر فرد کی ذمہ داری اپنی حفاظت کے ساتھ دوسروں کی زندگیوں کا تحفظ بھی ہے۔ تقریب کا پیغام تھا: محفوظ جہلم، محفوظ پنجاب، محفوظ پاکستان۔
