جہلم(چوہدری عابد محمود +چوہدری ظفرنور)جہلم سماجی تنظیم سینٹر فار پیس اینڈ ڈیویلپمنٹ انسیٹیوٹز (سی پی ڈی آئی TV) کی جانب سے پاکستان میں بجٹ شفافیت کی صورتحال سے متعلق سالانہ رپورٹ جاری کردی گئی۔ رپورٹ میں وفاقی،صوبائی اور مقامی حکومتوں کے بجٹ سازی کے عمل میں کوتاہیوں کی نشاندہی کی گئی ہے اورکہا گیا ہے کہ پاکستان میں بجٹ مختلف شراکت داروں اسٹیک ہولڈر کے ساتھ مشاورت سے تیار کیا جانا چاہیے اور بجٹ سازی اور بجٹ کے عملدرآمد کے تمام مراحل کے دوران شہریوں کے ساتھ معلومات کے ساتھ معلومات کا از خودتبادلہ کیا جانا چاہئے۔ یہ بات سی پی ڈی آئی کے بجٹ کوآرڈینیٹر فیصل منیر نے گزشتہ روز منڈی بہاؤ الدین میں پریس کانفرنس کے دوران بتائی جس کا اہتمام مقامی تنظیم سیٹیزن نیٹ ورک فار بجٹ اکاؤنٹیبلٹی کے تحت کیا گیا تھا، سی این بی اے پاکستان کے 110 اضلاع میں بجٹ کی شفافیت پر کام کرنے والی 70سے زیادہ سول سوسائٹی تنظیموں کا ایک نیٹ ورک ہے۔ میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے فیصل منیر نے کہا کہ سی پی ڈی آئی ہمیشہ بجٹ سازی کے عمل میں شفافیت کیلئے کوشاں رہی ہے۔گذشتہ ایک دہائی سے سی پی ڈی آئی پاکستان کے مختلف اضلاع میں بجٹ سازی کے عمل میں شفافیت کا جائزہ لے رہی ہے لیکن رواں سال وفاقی اورصوبائی سطح پر اس عمل کا جائزہ لیا گیا ہے۔یہ رپورٹ نہ صرف پاکستان میں بجٹ شفافیت کی صورتحال کا جائزہ لے گی بلکہ اس سے یہ اندازہ لگانے میں بھی مدد ملے گی کہ پاکستان میں معلومات تک رسائی کا حق، بجٹ سے متعلق معلومات کے حصول میں کس حد تک موثر ہے۔رپورٹ کے نتائج کی وضاحت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ رپورٹ دو حصوں پر مشتمل ہے۔ پہلا حصہ مختلف وفاقی وزارتوں اور صوبائی محکموں کو معلومات کے حصول کے لئے ارسال کردہ درخواستوں سے متعلق ہے جن میں بجٹ سازی کے عمل کے دوران مختلف مراحل کے بارے میں معلومات طلب کی گئیں۔اس سلسلہ میں بجٹ سازی کے عمل میں شفافیت کو جانچنے کیلئے منتخب وفاقی وزارتوں اور صوبائی محکموں کو معلومات کے حصول کی 150 درخواستیں بھجوائی گئیں۔وفاق کو ارسال کردہ 36 درخواستوں میں سے 6 کے جوابات موصول ہوئے ا ورچاروں صوبوں کے مختلف محکموں کو ارسال کردہ 114 درخواستوں میں سے خیبرپختونخوا ہ سے صرف 2 اور پنجاب سے 4 جوابات موصول ہوئے ہیں جبکہ بلوچستان اور سندھ میں معلومات کی کسی بھی درخواست پر کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔دوسرے حصے میں بجٹ دستاویزات کی جامعیت اور بجٹ سازی میں شہریوں کی شراکت کا جائزہ لیا گیا ہے۔یہاں وفاقی حکومت کل 181 پوائنٹس میں سے 71 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے،پنجاب دوسرے، بلوچستان تیسرے جبکہ سندھ اور خیبر پختونخواہ نے آخری دوپوزیشنز حاصل کیں ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ حالیہ برسوں کے دوران ”اوپن بجٹ انڈکس”پر پاکستان کی افسوس ناک کارکردگی نے بجٹ سازی کے عمل میں شفافیت اور شہریوں کی شمولیت سے متعلق صورتحال پر کئی سوالات کو جنم دیا ہے۔اخبار نویسوں سے گفتگو کرتے ہوئے سیٹیزن ریلیشنز کے چیئرمین راجہ نوبہار خان نے کہا ہے کہ رپورٹ میں بجٹ شفافیت پر جو سوالات اٹھائے گئے ہیں وہ سب توجہ طلب ہیں اور حکومت کو اس سلسلہ میں فوری اقدامات کرنے چاہیے، حکومت کی جانب سے معلومات کی فراہمی کے معاملے پر سنجیدگی سے توجہ دی جائے اور بجٹ تجاویز کو وسیع پیمانے پر شہری گروپوں، سرکاری اداروں اور اہم شراکت داروں کیساتھ زیربحث لایا جائے۔انہوں نے کہا کہ بجٹ سازی کے عمل میں شہریوں کی شمولیت کو قانونی تحفظ ملنا چاہئے اور سرکاری اداروں کے لئے لازم ہونا چاہئے کہ وہ بجٹ سازی کے مختلف مراحل کے دوران شہریوں سے مشاورت کریں۔انہوں نے بجٹ سازی اور عمل درآمد کے مراحل کے دوران پارلیمنٹیرینز کے کردار میں اضافے کا بھی مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ بجٹ مالی سال کے آغاز سے کم از کم تین ماہ قبل اسمبلیوں میں پیش کیا جانا چاہیے اور متعلقہ اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کے بعد زیادہ سے زیادہ معلومات کی فراہمی پرمبنی ایک شفاف اور اوپن بجٹ پالیسی وضع کی جانی چاہیے۔
