جہلم شہرکے چوک چوراہوں سے ٹریفک پولیس کے افسران و اہلکار غائب، ٹریفک کا نظام درہم برہم

Spread the love

جہلم(چوہدری عابد محمود +عامرکیانی)جہلم شہرکے چوک چوراہوں سے ٹریفک پولیس کے افسران و اہلکار غائب، ٹریفک کا نظام درہم برہم،شہر کے متعدد مقامات پر ریسکیو 1122 کی گاڑیاں، ایمبولنسز پھنس کر رہ جاتی ہیں اگر کسی چوک چوراہے پر غلطی سے کوئی ٹریفک پولیس کا افسر یا اہلکار موجود ہو تووہ ٹریفک کو رواں دواں رکھنے کی بجائے سائیڈ پر کھڑے ہو کر نہ صرف تماشہ دیکھتے ہیں بلکہ ان کی توجہ دیہی علاقوں سے خریداری کے لئے آنیوالے موٹر سائیکل سواروں پر ہوتی ہے جن کے وہ چالان کرنے کے لئے متحرک دکھائی دیتے ہیں، لاکھوں روپے کے اخراجات سے شاندار چوک میں نصب ہونے والے سگنل ٹریفک پولیس کی عدم توجہی کے باعث کباڑ کی شکل اختیار کر چکے ہیں بلکہ شاندار چوک میں نصب ٹریفک پولیس کے اشاروں کو کنٹرول کرنے والا باکس بھی ٹریفک پولیس کے افسران نے انتہائی مہارت کے ساتھ غائب کر دیا ہے۔ گزشتہ کئی ماہ سے جادہ چوک، چوک گنبد والی مسجد، چوک روہتاس روڈ، شاندارچوک،محمدی چوک، کچہری چوک، سول ہسپتال کے داخلی گیٹ سمیت دیگر چوک چوراہوں پر ٹریفک کا جام ہونا فیشن بنتا جا رہاہے،جس کی بنیادی وجہ ٹریفک پولیس کا نہ ہونا ہے۔ ٹریفک پولیس کا عملہ ان چوراہوں پر پارک ہونیوالی گاڑیوں کے مالکان کے خوف سے انہیں چوراہوں سے پارکنگ کرنے سے منع نہیں کرتے جو ٹریفک کی روانی میں بڑی رکاوٹ کا باعث بنتے ہیں اس کے علاوہ اندرون شہر میں قائم پلازوں، نجی ہسپتالوں، کارروباری مراکز سمیت دیگر اہم مقامات پر جگہ جگہ غیر قانونی موٹر سائیکل اسٹینڈ قائم ہو چکے ہیں،پلازہ مالکان زیر زمین پارکنگ قائم کرنے کی بجائے میونسپل کارپوریشن کے شعبہ بلڈنگ برانچ کے ساتھ معاملات طے کرکے زیر زمین جگہ کو کارروباری سرگرمیوں کے لئے مختص کر لیتے ہیں اس طرح پلازوں میں کام کرنے والے افراد اپنی موٹر سائیکلیں، گاڑیاں سڑکوں پر کھڑی کر دیتے ہیں جس کیوجہ سے سڑکیں تنگ ہونے کے باعث طویل دورانئے تک بند رہتی ہیں جبکہ دوسری جانب رہی سہی کسر رکشہ ڈرائیورز رکشوں کو سڑکوں پر کھڑا کرکے نکال رہے ہیں،شہریوں نے آئی جی پنجاب پولیس، ڈی پی او جہلم، ڈی ایس پی ٹریفک جہلم سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیاہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں