جہلم شہر گردونواح میں انتظامیہ کی غفلت کے باعث مرغی کا گوشت 1 کلو خریدنے کے باوجود صارفین کو 850 گرام دیا جانے لگا

Spread the love

جہلم(چوہدری عابد محمود +عبدالغفارآذاد)جہلم شہر گردونواح میں انتظامیہ کی غفلت کے باعث مرغی کا گوشت 1 کلو خریدنے کے باوجود صارفین کو 850 گرام دیا جانے لگا، مرغی فروش مافیا150 گرام صفائی کی مد میں گوشت ہڑپ کرنے لگے، بیشتر دکاندار اوزان بھی کم تولنے لگے، شہری سراپا احتجاج، ڈپٹی کمشنر سے نوٹس لینے کا مطالبہ۔تفصیلات کے مطابق شہر و گردونواح میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ملی بھگت اور انتظامیہ کی غفلت کے باعث مرغی کا گوشت 1 ہزار گرام خریدنے پر صارفین کو محض 850 گرام گوشت تھمادیا جا تاہے، 1 کلو مرغی کے گوشت کی رقم وصول کرنے والے مرغی فروش صارفین کو مکمل 1 کلو گوشت دینے کی بجائے 150 گرام کم گوشت دے رہے ہیں جس کی وجہ سے صارفین کو مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑ رہاہے،جبکہ مرغی کے گوشت کا دھندہ کرنے والے راتوں رات کروڑ پتی بن رہے ہیں، پڑوسی اضلاع میں مرغی کا گوشت1 کلو خریدنے پر 1 کلو ہی گاہک کو دیا جاتا ہے،لیکن جہلم شہرسمیت مضافاتی علاقوں میں الٹی گنگا بہہ رہی ہے ضلعی انتظامیہ قانون پر عملدرآمد کروانے کی بجائے پولٹری کا کارروبار کرنے والے مافیا کے سامنے بالکل بے بس دکھائی دیتی ہے، جس کی وجہ سے ضلع جہلم میں مرغی اور چھوٹا بڑاگوشت فروخت کرنے والے دکانداروں نے وزن میں بھی کمی کر رکھی ہے اور1 کلو صافی گوشت کے نرخ وصول کر لئے جاتے ہیں جبکہ ہر قسم کا گوشت 850سو گرام کے لگ بھگ گاہک کو تھما دیا جاتا ہے، ضلع بھر میں قانون کی بالا دستی نہ ہونے سے ضلعی حکومت کی کارکردگی واضح طور پر عیاں ہو چکی ہے، شہریوں نے کمشنر راولپنڈی، ڈپٹی کمشنر سے نوٹس لینے اور ضلع بھر میں مرغی، بکرا، گائے کا گوشت فروخت کرنے والے دکانداروں سمیت قصابوں کے اوزان چیک کا مطالبہ بھی کیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں