بجلی کی قیمتوں میں کمی گھریلو اور کمرشل صارفین کے لیے بڑا ریلیف ہے

Spread the love

وزیرآباد (طارق جاوید ملک)بجلی کی قیمتوں میں کمی گھریلو اور کمرشل صارفین کے لیے بڑا ریلیف ہے، جس سے غریب طبقہ سکھ کا سانس لے گا، جب کہ صنعتی سطح پر اس کا فائدہ پیداواری لاگت میں کمی اور اشیائے ضروریہ کی قیمتوں پر پڑے گا ان خیالات کا اظہار سابق چیئرمین بلدیہ خواجہ محمد جمیل ایڈووکیٹ،کرنل (ر) وقار انور شیخ،صدر مرکزی تنظیم تاجران ناصر محمود اللہ والے،سنیئر نائب صدرمحمد اکبر بٹ،سابق کونسلرافتخار احمد بٹ،سٹی صدر مسلم لیگ (ن)میر ماجد علی سالار،جنرل سیکرٹری عبد الرحمن چوہدری،سابق کونسلرمحمد اکبر اعظم مغل،مختار احمد وڑائچ نے اپنے ایک مشترکہ بیان میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ سہرا وزیر اعظم پاکستان اور ان کی معاشی ٹیم کے سر ہے، جنہوں نے بغیر کسی بیرونی دباؤ کے عوام کو ریلیف فراہم کیا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کی معاشی پالیسیاں درست سمت میں گامزن ہیں، جس کا اعتراف عالمی مالیاتی اداروں اور آزاد تجزیہ کاروں نے بھی کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سٹاک ایکسچینج میں مسلسل مثبت رجحان، تاجروں اور صنعتکاروں کا اعتماد اور مہنگائی کی شرح میں کمی اس بات کا ثبوت ہے کہ حکومت کی پالیسیاں نتیجہ خیز ثابت ہو رہی ہیں۔ راہنماؤں نے کہا کہ ملک دشمن عناصر اور ان کے مقامی سہولت کار پاکستان کی ترقی سے خائف ہو کر دہشت گردی اور تخریب کاری کی فضا پیدا کر رہے ہیں، لیکن قوم کو افواج پاکستان اور حکومت کی صلاحیتوں پر پورا بھروسہ ہے، اور ان شاء اللہ ملک دشمنوں کا جلد صفایا کر دیا جائے گا۔ انہوں نے وزیر اعظم، وزیر خزانہ اور پوری معاشی ٹیم کو خراج تحسین پیش کیا اور امید ظاہر کی کہ عوامی ریلیف کا یہ سلسلہ مستقبل میں بھی جاری رہے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں