رحیم یارخان
میاں طالب حسین
(ڈویژنل بیوروچیف )
ڈسٹرکٹ پریس کلب (رجسٹرڈ) رحیم یار خان کی کابینہ کا ماہانہ اجلاس صدر راؤ نعمان اسلم کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں کلب کے انتظامی و تنظیمی امور‘ آئینی و ضابطہ جاتی معاملات اور صحافتی سرگرمیوں کا تفصیلی جائزہ لیتے ہوئے متعدد اہم فیصلے متفقہ طور پر منظور کیے گئے۔ اجلاس کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا جس کی سعادت رانا محمد عثمان نے حاصل کی جبکہ انہوں نے ہی بارگاہِ رسالت مآبؐ میں ہدیہ نعت پیش کیا۔ بعد ازاں جنرل سیکرٹری سکندر زماں چودھری نے ایجنڈے کے مطابق اجلاس کی کارروائی کا آغاز کیا۔ گورننگ باڈی نے سابقہ اجلاس کی کارروائی کی توثیق کی جبکہ جنرل سیکرٹری نے آمدن و اخراجات کی تفصیلات پیش کیں جنہیں متفقہ طور پر منظور کر لیا گیا۔ اجلاس میں متفقہ طور پر 5 دسمبر 2026ء بروز ہفتہ کو جنرل کونسل کا اجلاس بلانے کا فیصلہ کیا گیا۔ دوسرے گراؤنڈ میں نصب سائن بورڈز کے معاملات پر تفصیلی غور و خوض کے بعد متفقہ فیصلے کیے گئے اور ان پر عملدرآمد کیلئے ضروری کارروائی عمل میں لانے پر اتفاق کیا گیا۔ اجلاس میں عدالتی معاملات کی مؤثر پیروی کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا جبکہ سابق آفس سیکرٹری ابراہیم پر ڈسٹرکٹ پریس کلب میں داخلے کی تاحیات پابندی عائد کرنے کی متفقہ منظوری دی گئی۔ اس موقع پر صدر پریس کلب راؤ نعمان اسلم نے کابینہ کو آگاہ کیا کہ گزشتہ ماہ روزنامہ تقدس سے اختر ڈوگر‘ 7 نیوز سے عمران جبار‘ 11 نیوز سے یاسر علی گھمن‘ بول نیوز کے کیمرہ مین محمد راشد‘ روزنامہ پاکستان سے طارق محمود‘ روز نیوز سے محمد وارث اور اے آر وائی کے کیمرہ مین فرید علی کی پریس کلب میں رجسٹریشن کی گئی ہے۔ صدر ڈسٹرکٹ پریس کلب راؤ نعمان اسلم نے اپنے خطاب میں کہا کہ پریس کلب ایک مضبوط‘ منظم اور جمہوری صحافتی ادارہ ہے جس کی بنیاد باہمی اعتماد‘ اتحاد‘ نظم و ضبط اور آئین و ضوابط کی پاسداری پر قائم ہے۔ ادارے کے وقار‘ تقدس اور ممبران کے حقوق کا تحفظ گورننگ باڈی کی اولین ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام فیصلے ادارے کے وسیع تر مفاد اور اجتماعی مشاورت کو مدنظر رکھتے ہوئے کیے جاتے ہیں۔ پریس کلب کی ترقی‘ صحافیوں کی فلاح و بہبود اور انتظامی امور میں مزید بہتری کے لیے تمام اراکین کو اپنا مثبت اور تعمیری کردار ادا کرنا چاہیے۔جنرل سیکرٹری سکندر زماں چودھری نے اپنے خطاب میں کہا کہ کابینہ کے تمام فیصلے آئین و ضوابط اور ادارے کے اجتماعی مفادات کو مدنظر رکھتے ہوئے کیے جا رہے ہیں۔ آمدن و اخراجات میں شفافیت‘ انتظامی معاملات میں بہتری اور ادارے کے وسائل کا تحفظ ہماری ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ پریس کلب کی مضبوطی اور ترقی کے لیے ضروری ہے کہ تمام ممبران قواعد و ضوابط کی پابندی کریں اور اجتماعی فیصلوں کا احترام کرتے ہوئے اتحاد و یکجہتی کو فروغ دیں۔ اجلاس میں سینئر نائب صدر جاوید اقبال‘ جوائنٹ سیکرٹری چودھری محمد حفیظ‘ فنانس سیکرٹری عزیرالحق چودھری‘ انفارمیشن سیکرٹری چودھری وسیم امیر‘ مجلسِ عاملہ کے اراکین بلال حبیب‘ حیات خاور‘ رانا محمد عثمان‘ غلام حسن مہر‘ حسین احمد‘ جام شبیر احمد اور غلام مصطفی نے شرکت کی۔ اجلاس کے اختتام پر رانا محمد عثمان نے ڈسٹرکٹ پریس کلب کے مرحوم ممبران‘ ایگزیکٹو ممبر رانا محمد عثمان کے مرحوم بھتیجے‘ محمد عمران مقصود کے مرحوم بھائی اور دیگر مرحومین کے ایصالِ ثواب اور درجات کی بلندی کیلئے دعائے مغفرت کروائی۔ اس موقع پر کلب کے تمام اراکین کی صحت و سلامتی‘ بیماروں کی جلد صحت یابی‘ ملک میں امن و استحکام اور ڈسٹرکٹ پریس کلب کی مزید ترقی و کامیابی کیلئے بھی خصوصی دعا کی
