
جہلم (بلال رضا) ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر میونسپل سروسز جہلم و منیجنگ ڈائریکٹر ستھرا پنجاب ایجنسی جہلم محترمہ علیزہ ریحان نے القاسم انسٹیٹیوٹ برائے اسپیشل بچگان، اسلام پورہ جہلم کا خصوصی دورہ کیا۔ اس موقع پر ادارے کے صدر آصف ملک اور دیگر انتظامیہ نے معزز مہمانِ خصوصی کا پرتپاک استقبال کیا۔
دورے کے دوران محترمہ علیزہ ریحان نے ادارے میں زیرِ تعلیم خصوصی بچوں کی تعلیم و تربیت کے انتظامات کا جائزہ لیا اور اساتذہ کی شبانہ روز محنت، لگن اور اعلیٰ کارکردگی کو بھرپور انداز میں سراہا۔ تقریب کے اختتام پر انہوں نے بہترین خدمات سرانجام دینے والے اساتذہ کی حوصلہ افزائی کے لیے ان میں تعریفی ایوارڈز (Appreciation Awards) تقسیم کیے۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ خصوصی بچوں کی تعلیم و تربیت ایک عظیم مشن اور عبادت کا درجہ رکھتی ہے، اور اس شعبے سے وابستہ اساتذہ معاشرے کا قیمتی سرمایہ ہیں۔ ادارے کے صدر آصف ملک نے معزز مہمانِ خصوصی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کی آمد اور اساتذہ کی حوصلہ افزائی دراصل خصوصی بچوں کے روشن مستقبل کی ضمانت ہے۔
