لندن(عارف چودھری)، اولڈھم سے ایم پی ڈیبی ابراھم دوبارہ چیئرپرسن اور لارڈ قربان حسین سیکرٹری منتخب ، دیگر عہدوں پر بھی دوبارہ سابقہ عہدیداروں کو منتخب کر لیا گیا ہے ۔ گذشتہ روز برٹش پارلیمنٹ میں آل پارٹیز کشمیر پارلیمنٹری گروپ کے انتخابات عمل میں لائے گئے ۔ ایم پی ڈیبی ابراھم گروپ کی چیئرپرسن ، لارڈ قربان حسین سیکرٹری ، ایم پی جیک بریئرٹن ڈپٹی چیئرمین ، ایم پی بیرسٹر عمران حسین سینئر وائس چیئرمین ، ایم پی پال بریسٹو وائس چیئرمین جبکہ ایم پی جیمز ڈیلی گروپ کے خزانچی منتخب ہو گئے ہیں ۔ گروپ کے ممبران پارلیمنٹ نے انتخابات میں حصہ لیا اور نئے عہدیدار منتخب کئے ۔ اس سے قبل بھی گروپ کے مذکورہ عہدیداران نے کشمیر کے حوالے سے اپنے دور میں بھرپور اور متحرک کردار ادا کیا اور مسئلہ کشمیر کے لئے برٹش پارلیمنٹ کے اندر اور باہر ہر سطح پر کردار ادا کیا ۔ دریں اثناء کشمیر پارلیمنٹری گروپ کے نئے عہدیداران کے انتخابات پر اوورسیز کمیونٹی بالخصوص برٹش کشمیریوں نے بھرپور مسرت کا اظہار کرتے ہوئے نئے عہدیداران کو مبارکباد پیش کی ۔ اس موقع پر جموں و کشمیر تحریک حق خود ارادیت انٹر نیشنل کے چیئرمین راجہ نجابت حسین ، برطانیہ کی چیئرپرسن کونسلر یاسمین ڈار ، سیکرٹری جنرل محمد اعظم ، ویسٹ مڈ لینڈ کی چیئرپرسن آسیہ حسین ،لندن ریجن کی چیئرپرسن شاہدہ جرال ، نارتھ آف انگلینڈ کی چیئرپرسن نائلہ شریف ، برٹش مسلم وومنز فورم برطانیہ کی چیئرپرسن کونسلر صبیحہ خان اور دیگر نے کشمیر پارلیمنٹری گروپ کے نئے عہدیداران کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ مذکورہ عہدیداران نے اس سے قبل بھی کشمیر کی نازک ترین صورتحال میں اپنا بھرپور اور جاندار کردار ادا کیا او ر کشمیریوں کے حقوق اور حق خود ارادیت کی بھرپور نمائندگی کی ۔ ایم پی ڈیبی ابراھم، لارڈ قربان حسین ، ایم پی جیک بریئرٹن ، ایم پی بیرسٹر عمران حسین ، ایم پی پال بریسٹو ،ایم پی جیمز ڈیلی اور دیگر گروپ ممبران کا کردار مثالی ہے ۔ ہم پوری کشمیری قوم کی طرف سے انہیں مبارکباد پیش کرتے ہوئے اس توقع کا اظہار کرتے ہیں کہ وہ ماضی کی طرح مستقبل میں بھی کشمیریوں کے حق میں آواز بلند کرتے رہیں گے او ر کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوںکو روکنے کے لئے اپنا کردار ادا کریں گے
