جموں وکشمیر تحریک حق خودارادیت انٹرنیشنل نے برطانیہ کے لوکل انتخابات میں نومنتخب کشمیری و پاکستانی نژاد کونسلرز اور میئرز کو مبارکباد پیش کی

Spread the love

لندن/اسلام آباد ( عارف چودھری) جموں وکشمیر تحریک حق خودارادیت انٹرنیشنل نے برطانیہ کے لوکل انتخابات میں نومنتخب کشمیری و پاکستانی نژاد کونسلرز اور میئرز کو مبارکباد پیش کی، تحریک حق خودارادیت انٹرنیشنل نے بڑی تعداد میں پاکستانی و کشمیری نژاد کونسلرز اور میئرز کے انتخاب پر خوشی و مسرت کے ساتھ ساتھ مقامی و غیر مقامی کمیونٹی کا شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر جموں وکشمیر تحریک حق خودارادیت انٹرنیشنل کے چئیرمن راجہ نجابت حسین، سیکرٹری جنرل محمد اعظم، سرپرست اعلیٰ سردار عبد الرحمن خان، برطانیہ کی چیئرپرسن کونسلر یاسمین ڈار، یوتھ کے چیئرمین ذیشان عارف و دیگر نے اپنے خیر مقدمی بیان میں کہا کہ نومنتخب کونسلرز کی بڑی تعداد نے اس سے قبل نا صرف کمیونٹی کے لیے بلکہ مسئلہ کشمیر اور مظلوم کشمیریوں کے لیے بھی اپنا فعال کردار ادا کیا، انہوں نے ماضی میں کشمیر مہم میں بہت اہم کردار ادا کیا ہے اور امید ہے کہ وہ بھارت کے زیر تسلط جموں و کشمیر کے مظلوم عوام کے لیے ایک بار پھر بطور کونسلر اور میئر آواز اٹھائیں گے۔ مرکزی چیئرمین راجہ نجابت حسین نے مزید کہا کہ ہمارے لیے یہ خوش آئند ہے کہ ہماری کمیونٹی کے بہت سے افراد بالخصوص متحرک نوجوان مقامی سیاست میں آگے آ رہے ہیں، جب بھی برطانیہ میں کشمیر کے حوالے سے مہم چلائی گئی اور بھارتی فورسز کے ظلم کا شکار کشمیریوں کے حق میں آواز بلند کی گئی تو مختلف کونسلز میں موجود کشمیری و پاکستانی نژاد کونسلرز نے اپنا بھرپور کردار ادا کیا۔ ہمیں امید ہے کہ وہ کمیونٹی کی امیدوں پر پورا اترنے کے ساتھ ساتھ ماضی سے بڑھ کر کشمیری عوام کے لیے اپنا کردار ادا کریں گے۔ تحریک حق خودارادیت انٹرنیشنل کی پوری ٹیم نومنتخب نمائندوں کو مبارکباد پیش کرنے کے ساتھ ساتھ ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں