مانچسٹر (عارف چودھری)
حکومت پاکستان نے صدارتی آرڈیننس کے ذریعے بیرون ممالک بسنے والے پاکستانیوں کو پاکستان کے عام انتخابات میں ووٹ کا حق استعمال کرنے کی اجازت دے دی جو کہ بیرون ممالک بسنے والوں کا دیرینہ مطالبہ تھا ۔ وزیراعظم پاکستان عمران خان ہمیشہ سے بیرون ممالک بسنے والے پاکستانیوں کو ملک کا قیمتی اثاثہ قرار دیتے ہیں اور انہوں نے ووٹ کے حق کا وعدہ پورا کر دیا۔ تحریک انصاف برطانیہ گریٹر مانچسٹر ریجن کے صدر آصف رشید بٹ کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان نے ہم سے کیے گئے وعدے کو پورا کیا بیرون ممالک بسنے والے ہمیشہ ہی وزیراعظم عمران خان کی آواز پر انکے خیراتی منصوبہ جات کے لیے دل کھول کر عطیات دیتے ہیں انکا کہنا تھا کہ وہ پر امید ہیں کہ اگلا قدم یہ ہو گا کہ دوہری شہریت کے حامل پاکستانیوں کو پاکستان کے عام انتخابات میں حصہ لینے کی بھی اجازت ہو گی انکا کہنا تھا کہ حکومت پاکستان نے بیرون ممالک بسنے والے پاکستانیوں کی سہولت کے لیے آن لائن روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ کی جو سہولت فراہم کی ہے اس سے فائدہ اٹھانے کے ساتھ پاکستان میں سرمایہ کاری بھی کرنی چاہیے پاکستان جلد ترقی کی راہ پر گامزن ہو گا۔ تحریک انصاف برطانیہ کے مرکزی ایڈیشنل جنرل سیکرٹری ملک عمران خلیل کا کہنا تھا کہ بیرون ممالک بسنے والے پاکستانیوں کو ووٹ کا حق استعمال کرنے کی اجازت ملنے سے جو خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے اسکا سہرا وزیراعظم عمران خان کے سر ہے کیونکہ انکی دلی خواہش تھی کہ بیرون ملک بسنے والوں کو ووٹ کا حق ملنا چاہیے تاکہ یہ بھی اپنا فیصلہ کر سکیں دنیا بھر میں بسنے والے پاکستانیوں کے دل ہمیشہ ہی مادر وطن کے لیے دھڑکتے ہیں انکا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان نے عام انتخابات میں عوام سے جو وعدے کیے تھے انہیں ایک ایک کر کے پورا کر رہے ہیں انکا کہنا تھا کہ صدر پاکستان کے اس اقدام سے میں اپنے دوست احباب کو مبارکباد پیش کرتا ہوں جنکی کاوشوں سے ایسا ممکن ہوا۔ انکا کہنا تھا کہ روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ سے پاکستان کو زیادہ فائدہ ہو رہا ہے انکا کہنا تھا کہ بحیثیت تحریک انصاف جماعت ہم نے یورپ اور برطانیہ بھر میں اپنے ساتھیوں کو پاکستانی نژاد برطانوی شہریوں کو روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ کھلوانے کی طرف راغب کرنے کا کام دے دیا ہے انکا کہنا تھا کہ کہ ابھی تک لوگوں کو روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ کھولنے کے مکمل فوائد بارے آگاہی نہیں ہے جو انکو دینی ضروری ہے